رانچی میں جیپ ۔ون نے اپنے یوم تاسیس کو بڑی شان و شوکت کے ساتھ منایا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.

رانچی، 05 جنوری :۔ جھارکھنڈ مسلح پولیس فورس (جیپ-ون) کا 143 واں یوم تاسیس جمعرات کو رانچی کے ڈورنڈا میں دھوم دھام سے منایا گیا۔ پروگرام کا آغاز جیپ گراؤنڈ میں شہید بیدی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔
مہمان خصوصی اے ڈی جی پرشانت سنگھ اور دیگر افسران نے شاندار پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے سلامی لی۔ اس دوران جوانوں اور بینڈ پارٹی نے جیپ ون گراؤنڈ میں پرکشش پریڈ پیش کی۔ بینڈ ڈسپلے نے وہاں موجود تمام افراد کو مسحور کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی جی نے کہا کہ جیپ ۔ون کی تاریخ قابل فخر ہے۔ بٹالین کے بہادر سپاہیوں نے ہمیشہ اپنی شہادت دے کر جیپ ون کا نام روشن کیا ہے۔ بٹالین کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف ایکشن پلان تیار کیے گئے ہیں جن پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط اور جذبہ دیکھنا ہے تو گورکھا واہنی کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب کیمپس میں ہی آنند میلہ بھی منعقد کیا گیا۔ میلے میں 84 اسٹالز لگائے گئے تھے۔ آنند میلے میں پرائیڈ آف گورکھا اسٹال لگایا گیا ہے۔ اس میں گورکھا سماج کے کارنامے، ان کی ثقافت کو دکھایا گیا ہے۔ کئی افسران موقع پر موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوری 1880 میں برطانوی دور حکومت میں اس کور کا قیام نیو ریزرو فورس کے نام سے ہوا تھا۔ 1892 میں اس کور کا نام بدل کر بنگال ملٹری پولیس رکھا گیا۔ سال 1905 میں اس کور کا نام بدل کر گورکھا ملٹری کر دیا گیا۔ملک کی آزادی کے بعد 1948 میں اس کور کا نام بدل کر پرتھم واہنی بہار سینک پولیس رکھ دیا گیا۔ سال 2000 میں جھارکھنڈ کے علیحدہ ریاست بننے کے بعد، اس کور کا نام جھارکھنڈ آرمڈ پولیس ون (جے اے پی ون) رکھا گیا۔