رونالڈوالنصرکلب میں شمولیت پر’بھاری معاوضے کے مستحق‘ہیں: صدرمسلی آل معمر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Jan.

ریاض،4جنوری:سعودی عرب کے سب سے قدیم النصرکلب کے صدرمسلی آل معمر نے کہا ہے کہ ’’کرسٹیانورونالڈوان کے کلب میں شمولیت پر بھاری معاوضے کے مستحق ہیں‘‘۔وہ پرتگیزی فٹ بال اسٹار کے ساتھ منگل کی شام ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ان کے کلب نے رونالڈ کے ساتھ طے شدہ سمجھوتے میں ادا کی جانے والی صحیح رقم کوعام نہیں کیا ہے۔البتہ میڈیا رپورٹس میں لاکھوں ریال میں اس رقم کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، لیکن مسلی آل معمر نے ان خبروں کو “غلط” قرار دیتے ہوئے مستردکردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’رونالڈوفٹ بال کی تاریخ میں سب سے بہترین کھلاڑی ہیں،لہٰذا یہ عام سی بات ہے کہ انھیں معاوضے کی مد میں زیادہ سے زیادہ رقم ادا کی جائے اور یہ ایک ایسی چیز ہے جس کے وہ فی الواقع مستحق ہیں‘‘۔رونالڈو کوادا کی جانے والی رقم کے بارے میں میڈیا رپورٹس پرتبصرہ کرتے ہوئے آل معمر نے کہا:’’اس سے متعلق بہت ساری معلومات غلط ہیں‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ پرتگیزی کھلاڑی کی شمولیت سے کلب کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا اور وہ پہلے سے ہی نئے اسپانسرزکے ساتھ اس ضمن میں بات چیت کررہے ہیں۔پرتگال کی قومی ٹیم کے کپتان اوراسٹاراسٹرائیکر پیر کی رات دیرگئے سعودی دارالحکومت الریاض میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پہنچے تھے۔ان کے مداحوں اور النصرکلب کے عہدے داروں نے ان کا خیرمقدم کیاتھا۔انھوں نے اپنے سابقہ کلب برطانیہ کے مانچسٹریونائیٹڈ کو خیربادکَہ دیا ہے،اب 2025 تک النصر کلب کے ساتھ کھیلنے سے اتفاق کیا ہے اور اس ضمن میں قطر میں فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ کے اختتام پرمعاہدے پردست خط کیے تھے۔انھوں نے منگل کی شام الریاض میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنی نئی ٹیم کے نیلیاور پیلے رنگوں کی وردی کی نقاب کشائی کی ہے۔