سرد لہر کا قہر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.

اس وقت دارالحکومت دہلی سمیت پورا شمالی بھارت شدید ترین سرد لہر کی زد میں ہے۔ مسلسل سرد ہواؤں کے باعث ٹھٹھرن میںاضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اتر پردیش، بہار ، پنجاب، ہماچل اور جموں و کشمیر نسبتاََ زیادہ متاثر ہیں۔ لوگ آگ، لحاف، کمبل اور گرم کپڑوں کی مدد سے کسی طرح خود کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ماہرین بتاتے ہیں سال 2022 میں، 122 سال بعد جہاں دسمبر کا مہینہ اوسط سے زیادہ گرم رہا وہیں نئے سال 2023 کے جنوری کے مہینے میں رکارڈ توڑ سردی نے سب کو ٹھٹھر نے پر مجبور کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ذمے داروں کا کہنا ہے کہ اگلے 4-5 دنوں تک شمالی اور شمال مغربی بھارت میں بہت گھنی دھند کے ساتھ سردی کا زور بر قرار رہے گا۔ اس کے بعد ہی اس میں کمی متوقع ہے۔ بہار کے19 اور یوپی کے 27 اضلاع میں بھی گھنی دھند اور سردی کی لہر کاالرٹ جاری کیا گیا ہے۔پرائمری سطح کے اسکولوں میں بچوں کی چھٹی کر دی گئی ہے۔
راجدھانی دہلی میں بھی لوگ اس سردی سے لڑنے کے لیے طرح طرح کی کوششیں کر رہے ہیں۔مگر سردی سے فی الحال کوئی راحت نہیں مل پا رہی ہے۔ اب تک موسم کی سرد ترین صبح گزشتہ بدھ کو نوٹ کی گئی تھی۔ اس دوران کم سے کم پارہ 4.4 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 سے 15 ڈگری کے آس پاس رہا۔پچھلے کئی دنوں سے رات سے لیکر صبح تک چاروں طرف گھنی دھند چھائی رہتی ہے۔ دہلی سمیت این سی آر کے کئی علاقوں میں گہری دھند کی سفید چادر دیکھی جا رہی ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے دہلی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں اوسط درجۂ حرارت 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دہلی ایئرپورٹ نے مسافروں کے لیے زرد دھند کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جنوری تک دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں سردی کی لہر جاری رہ سکتی ہے۔ اس دوران کم سے کم درجۂ حرارت 4 ڈگری کے آس پاس ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ سردی کی لہر کے ساتھ دھند بھی پریشان کرے گی۔ چنانچہ محکمہ موسمیات 7 جنوری تک کے لئے دھند اور سردی کی لہر کے لیے زرد الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دہلی سمیت پورے شمالی بھارت میں دھند کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ دہلی کی طرف آنے والی کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں ۔دیگر ٹرینوں کے اوقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
دہلی کے علاوہ شمالی بھارت کے کئی علاقوں میں بھی کم و بیش یہی صورتحال ہے۔ یوپی کی راجدھانی لکھنؤ اور پنجاب کی راجدھانی چنڈی گڑھ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سیلسیس کے درمیان رکارڈ کیا گیا ہے۔ کانپور میںکل کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش، ساحلی تمل ناڈو اور انڈمان اور نکوبار جزائر میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ باقی ریاستوں کی بات کریں تو اتر پردیش، بہار، پنجاب اور ہریانہ کے کچھ حصوں میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتر پردیش، بہار، پنجاب اور ہریانہ کے کچھ حصوں میں گھنے دھند کی بات بھی کی ہے۔ گھنی دھند والے علاقوں میں شمال مغربی راجستھان کے کچھ حصے بھی شامل ہیں۔ جموں و کشمیر، پنجاب، بھٹنڈا، امرتسر اور پٹیالہ میں کل 0 سے 25 کے درمیان وزبلیٹی نوٹ کی گئی تھی۔ ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، امبالا، پالم میں بھی حد نگاہ 25 کے قریب رہی۔ یوپی کے بارے میں بات کریں تو آگرہ، جھانسی، بریلی سمیت بہار بیشتر علاقوں میں سطح بصارت تقریباِِ یکساں نوٹ کی گئی ہے۔
اِدھر محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشین گوئی کے مطابق شمالی بہار میں دو دن کے لیے کولڈ ڈے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔کل جمعرات کی طرح آج جمعہ کے دن بھی مشرقی اور مغربی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، ویشالی، مظفر پور، شیوہر، سیتامڑھی، دربھنگہ، مدھوبنی، سمستی پور، سپول، ارریہ، کشن گنج، پورنیہ، کٹیہار، مدھے پورہ اور سہرسہ میں سرد دن کی صورتحال رہ سکتی ہے۔ بہار کا گیا اس وقت ریاست کا سرد ترین مقام ہے، جہاں کم از کم درجۂ حرارت 6 ڈگری سیلسیس رکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوری سے ریاست میں پارہ مزید گرنے کا امکان ہے۔متعلقہ ضلع انتظامیہ کو ، فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے والی آبادی کے لئے حسب ضرورت تمام لازمی سہولیات سے آراستہ رین بسیرا کے قیام کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ الاؤ کے انتظام پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
*****************************