شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں اردو ریفریشر کورس کا آغاز

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Jan.

۱۶جنوری ۲۰۲۳؁ء، پٹنہ: ’’آج اساتذہ کا متن سے رشتہ منقطع ہو گیا ہے، طالب علموںتک درست زبان و ادب پہنچانا چاہتے ہیں تو خود بھی متن سے رشتہ قائم کیجیے اور طلبہ وطالبات کو بھی متن پڑھنے کی تلقین کیجیے، متن سے براہ راست رشتہ قائم کیے بغیر آپ اچھے استاد نہیں ہو سکتے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار اردو ریفریشر کورس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اعجاز علی ارشد اور بنارس ہندو یونیورسٹی کے صدر شعبۂ اردو پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے کیا۔ انہوں نے ریفریشر کورس میں شریک ہونے والے مختلف صوبوں سے تشریف لائے اساتذہ کو کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق ہمارے نصاب میں بین المتونیت اور بین الموضوعیت کو بہت اہمیت حاصل ہے، اس لیے اساتذہ کو نہ صرف اردو متن سے بلکہ دیگر علوم کے متن سے بھی واقفیت حاصل کرنی ہوگی۔ ایک اچھا استاد بننا ہے تو دیوان غالبؔؔ اور کلیات اقبالؔ کو اپنے ساتھ ہمیشہ رکھیے اور کم از کم ایک نئی کتاب ہر ماہ پڑھنے کی عادت ڈالیے۔
واضح ہو کہ شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں بارہ دنوں پر مشتمل ایک اردو ریفریشر کورس کا انعقاد عمل میں آیا ہے۔ جس کا افتتاحی اجلاس آج دن میں ۱۱؍ بجے منعقد ہوا۔ اس کورس میں ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لائے پچیس اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔ صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اس کورس کی اہمیت اور غرض و غایت بیان کی اور کہا کہ اس کورس کا موضوع ’’ہم عصر اردو ادب‘‘ مقرر کیا گیا ہے تاکہ یہ اساتذہ معاصر ادبی صورتحال اور معاصر ادبی اصناف کی جہتوں سے واقف ہو سکیں۔یہ کورس نہ صرف خطبات کے ذریعہ مکمل ہوگا بلکہ اس میں شرکاء کو بحث و مباحثہ ،مذاکرہ اور تحریر و تصنیف کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
یو۔جی۔سی۔ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر اتل آدتیہ پانڈے نے ریفریشر کورس کو اساتذہ کے لیے بے حد کارآمد بتاتے ہوئے اس کے اصول و ضوابط پر روشنی ڈالا اور کہا کہ آف لائن کورس آن لائن کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ہے۔ یہ ہمیں آپس میں تبادلۂ خیال ، ملاقات اور مل جل کر کام کرنے کی صلاحیتوں سے بہرہ ور کراتا ہے۔ اردو ڈیپارٹمنٹ نے آپ کو موقع دیا ہے، آپ اس سے فائدہ اٹھائیں اور خود کو ریفریش کر کے اپنے کالجوں و یونیورسٹیوں کے لیے مفید ثابت ہوں۔
اس اجلاس میں شرکاء نے اپنا تعارف بھی پیش کیا جبکہ اظہار تشکر کا فریضہ ایچ آر ڈی سی کے ڈپٹی ڈائرکٹر پروفیسر سعید عالم نے انجام دیا۔