مائیکروسافٹ کے سی ای او نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی، کہا – ہندوستان کے ڈیجیٹل انڈیا کے ویژن کو پورا کریں گے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.

نئی دہلی،05جنوری :۔ دنیا کی مشہور ملٹی نیشنل سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ستیہ نڈیلا نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ نڈیلا نے ٹویٹ کیا کہ ہم ہندوستان کو اس کے ڈیجیٹل انڈیا ویژن کو پورا کرنے اور دنیا کے لیے ایک روشنیبننے میں اس کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد، مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت میں پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی پر ہندوستانی حکومت کی گہری نظر ہے ، جو بہت متاثر کن ہے۔ ہم ہندوستان کو اس کے ڈیجیٹل انڈیا ویژن کو پورا کرنے اور دنیا کے لیے ایک روشنی بننے میں اس کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
مائیکروسافٹ کمپنی کے ہندوستانی نژاد سی ای او نڈیلا نے مزید کہا کہ ہندوستان ڈیجیٹل سیکٹر میں بہتر کام کر رہا ہے۔ دنیا کے کسی اور ملک میں ڈیجیٹل کے تئیں اتنا جوش دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی بیرونی ممالک میں اپنی مصنوعات تیار کرتی تھی اور انہیں ہندوستان میں فروخت کرتی تھی لیکن اب کمپنی ہندوستان میں مصنوعات تیار کرکے اسے عالمی سطح پر فروخت کرتی ہے۔
دراصل امریکہ کے بعد بھارت میں ہی مائیکروسافٹ کا سب سے بڑا ڈیولپرسینٹر ہے۔ کمپنی نے ہندوستان میں چار بڑے ڈیٹا سینٹر بنانے میں سرمایہ کاری کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مائیکروسافٹ دنیا کی ایک معروف سافٹ ویئر کمپنی ہے، جو بنیادی طور پر کمپیوٹر انجینئرنگ کے شعبے کے لیے کام کرتی ہے۔ مائیکروسافٹ کو ایپل، ایمیزون، گوگل اور فیس بک کے ساتھ ساتھ بڑی پانچ ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔