میں دربھنگہ کو صاف، خوبصورت اور مثالی میونسپل کارپوریشن بنانے کی کوشش کروں گی۔ نازیہ حسن

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.

 دربھنگہ(فضا امام) 2 جنوری:- جس طرح میں الیکشن جیتنے سے پہلے عوام کے درمیان رہتی تھی، اسی طرح میں آج بھی ہوں اور کل بھی رہوں گی۔ یہ باتیں متھلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس کے احاطے میں منعقدہ استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر نازیہ حسن نے کہا کے دربھنگہ میونسپل کارپوریشن کے تحت آنے والے تمام علاقوں کی صفائی، خوبصورتی، اور ترقی کے لیے کام کرونگی۔ ڈپٹی میئر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر احمد نسیم آرزو نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور قدم قدم پر میری رہنمائی کی جس کے لیے میں ڈاکٹر احمد نسیم آرزو کی شکر گزار ہوں۔شاہد اطہر ایڈووکیٹ اور فیضان اختر قاسمی نے پورے 2 ماہ تک میرے ساتھ ڈور ٹو ڈور مہم چلائی، لوگوں سے میرے لئے ووٹ مانگنے کا کام کیا میں ان دونوں کی بھی بہت مشکور ہوں۔ میں متھلا انسٹی ٹیوٹ کے طلباء سے یہ کہتی ہوں کہ پیسہ کچھ نہیں، صرف ہمت اور حوصلہ ہونی چاہیے جو شروع سے میرے ساتھ تھی، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی۔ اس لیے آپ سب بچے حوصلے اور جوش کے ساتھ آگے بڑھیں اور بہترین سے بہترین ہسپتال میں نوکری حاصل کر کے اپنے گھر اور معاشرے کا نام روشن کریں۔ استقبالیہ تقریب کی سرپرستی کر رہے ڈاکٹر احمد نسیم آرزو نے کہا کہ یقین نہیں آتا کہ کل تک جو لڑکی نازیہ حسن ہمارے درمیان تھی آج ڈپٹی میئر کی حیثیت سے ہمارے درمیان ہے۔ میں ان سے امید کر رہا ہوں کہ ڈپٹی میئر صاحبہ شہر میں پانی کے مسائل کو حل کریں گی۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے نیاز احمد ریٹائرڈ اے ڈی ایم نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ایک سماجی کارکن میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر ہے۔ ہم ڈپٹی میئر سے گزارش کرتے ہیں کہ جس طرح ڈاکٹر آرزو اور متھلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر شاہد اطہر ایڈووکیٹ کے ساتھ ساتھ تمام طلباء وطالبات نے آگے آکر آپ کا ساتھ دیا ہے آپ بھی ان لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرینگی۔ پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے ایڈووکیٹ شاہد اطہر نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جیت سے شہر کے عوام کی جیت ہوئی ہے۔ جس طرح پہلے آپ ہملوگوں کے درمیان رہتی تھی اسی طرح کل بھی ہمارے درمیان رہنے کا کام کرینگی- استقبالیہ پروگرام میں نازیہ حسن کو پھولوں کے ہار، شال اور پاگ سے نوازا گیا۔ استقبالیہ تقریب میں متھلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس کے پراسپیکٹس کا اجرا ڈپٹی میئر مسز نازیہ حسن اور تمام مہمانوں کے ہاتھوں کیا گیا-