وزیر اعلیٰ نے ’جنتا کے دربار میںوزیر اعلیٰ پروگرام‘ میں شرکت کی، 77 لوگوں کے مسائل سنے،افسران کو ضروری ہدایات

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.

پٹنہ، 02 جنوری، 2023 – وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج 4، دیش رتنا مارگ واقع وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کے احاطے میں منعقد ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ‘ پروگرام میں شرکت کی۔ ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ‘ پروگرام میںوزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف اضلاع سے پہنچے 77 لوگوں کے مسائل کوسنا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے حل کے لیے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
آج’جنتا کے دربارمیں وزیر اعلیٰ پروگرام‘ میں جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ، داخلہ محکمہ، ریونیوو اصلاح اراضی محکمہ، شراب بندی، ایکسائز رجسٹری محکمہ،نگرانی محکمہ، معدن و کانکنی محکمہ، الیکشن ڈیپارٹمنٹ اورکابینہ سیکریٹریٹ محکمے اور پارلیمانی امور محکمہ سے متعلق معاملوں پر سماعت ہوئی۔
مظفر پور ضلع سے آئی ہوئی ایک لڑکی نے وزیر اعلیٰ سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ میرے اکلوتے انجینئر بھائی کو سازش کے تحت دو سال قبل قتل کر دیا گیا تھا۔ اب تک قصور وار کی کی گرفتاری نہ ہوسکی ،وہیں دوسری خاتون نے درخواست کی کہ سال 2021 میں میرے بیٹے کو قتل کر دیا گیا ہے تاہم آج تک مجرم کی گرفتاری نہیں ہوسکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
بکسر ضلع کے ایک کسان نے وزیر اعلیٰ سے التجا کی کہ کرمناسا ندی سے ریت کی غیر قانونی کانکنی پر پابندی لگائی جائے، ہم لوگوں کی کاشت کی زمین اس سے متاثر ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ہم پریشان ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کانکنی محکمہ کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
لکھی سرائے ضلع سے آئے ایک کسان نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ اس کی دو بیگھہ زمین پر دبنگوں نے قبضہ کر لیا ہے۔ دبنگ لوگ دھمکیاں دیتے ہیں۔ تھانے میں شکایت کرنے پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔ وہیں سہرسہ ضلع سے آئے ایک بزرگ نے وزیر اعلیٰ سے التجا کی کہ اس کی نجی زمین پر دبنگوں کے ذریعہ راستہ نام پر قبضہ کر رکھا ہے، میرے تمام اصلی کاغذات دیکھنے کے بعد میری زمین کا گھیراؤ کردیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ معاملہ پر ڈی جی پی کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
کشن گنج ضلع سے آئے ایک نوجوان نے کہا کہ سرکاری راستہ پر کچھ زمین مافیاکے ذریعہ قبضہ کیا جا رہا ہے۔ حکام کواطلاع دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
مغربی چمپارن ضلع سے آئی ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اسے اور اس کے بچے کو اس کے شوہر، ساس اور سسر نے مار پیٹ کے بعد گھر سے باہر نکال دیا ہے۔ دوسری جانب دوسرے شکایت کنندہ نے استدعا کی کہ دبنگوں نے ان کی زمین پر قبضہ کر لیا اور میرے بیٹے کی جم کر پٹائی کی ۔ انتظامیہ کو اطلاع دینے کے بعد بھی ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
بھاگلپور ضلع سے آئی ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ میری نجی زمین پر نل جل منصوبہ کے تحت پانی کا ٹینک بنایا دیاگیا ہے۔ شکایت کرنے پر مارپیٹ کی جاتی ہی۔ دوسری جانب شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ پشتینی زمین کو زور آوروں نے قبضہ کر لیا ہے، خالی کرنے کے لیے کہنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
سمستی پورسے آئے ایک شکایت کنندہ نے وزیر اعلیٰ سے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران کیے گئے کام کے عوض رقم ابھی تک ادا نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ معاملے کی تحقیقات کرکے مناسب کارروائی کریں۔
سیتامڑھی ضلع سے آئے ایک نوجوان نے وزیر اعلیٰ سے فریاد کی کہ سڑک کے لیے لی گئی میری زمین کا معاوضہ اب تک ادا نہیں کیا گیاہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو تحقیقات کرکے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
سارن ضلع سے آئے ایک والد نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں میری بیٹی کی شادی کے 15 دن کے اندر ہی اس کے سسرال والوں نے اسے قتل کر دیاتھا۔ قاتل تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈی جی پی کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
مدھوبنی سے آئے ایک فریادی نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عطیہ میں مجھے ملی زمین پرتعمیر مکان کو منہدم کر کے دوسرے کو زمین الاٹ کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو تحقیقات کرکے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
نالندہ ضلع سے آئے ایک فریادی نے وزیر اعلیٰ سے شکایت کی کہ ان کے گاؤں کے آہر کی کھدائی غیر قانونی طور پر کی جا رہی ہے اور درختوں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
مشرقی چمپارن ضلع سے آئی ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے چار بیٹے ہیں۔ میرے بڑے بیٹے نے اپنی بہو کے نام پر زمین لکھ دی ہے۔ مجھے جائیداد سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ پروگرام‘میںمالیات،کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، محصولات اصلاح اراضی کے وزیر جناب آلوک کمار مہتا، کانکنی کے وزیر جناب رامانند یادو، شراب بندی، آبکاری اور رجسٹری کے وزیر جناب سنیل کمار، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری/ پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹرگوپال سنگھ ، پٹنہ کے ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ اور ایس ایس پی مسٹرمانوجیت سنگھ ڈھلون موجود تھے۔