پٹنہ یونیورسٹی کے شعبہ عربی میں پروفیسر رضوان الرحمان جے،این،یو کی آمد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7th Jan.

پٹنہ6جنوری 2023: عربی زبان وادب کے ممتاز استاد اور سینٹر آف عربک اینڈ افریقن اسٹڈیز جواہر لال نہرویونیورسٹی دہلی کے صدر پروفیسر رضوان الرحمان نے پٹنہ یونیورسٹی کے شعبہ عربی میں اساتذہ اور اسکالرس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی پیمانہ پرعربی زبان کی موجودہ صورتحال پر سیر حاصل گفتگو فرمائی اور اس زبان کے ذریعے ملک وبیرون ملک کیا خدمات انجام دی جاسکتی ہیں اور اس کے کیا علمی، ادبی، مادی اور معنوی فوائد ہو سکتے ہیں واضح انداز میں بیان کیا، اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ میرا تعلق بھی پٹنہ یونیورسٹی کے اس شعبہ سے کسی حد تک رہا ہے اور یہاں کے اساتذہ سے کسب فیض کا کچھ موقع مجھے بھی ملا ہے، اس شعبہ کی قدیم تاریخ رہی ہے اور یہ ہندوستان کے قدیم ترین شعبوں میں سے ہے جس کی بنیاد انگریزوں کے ذریعے 1863 میں رکھی گئی تھی اور اس وقت عربی کا چلن بھی آج کے مقابلے بہت زیادہ تھا مگر اس وقت آپ کی ذمہ داریاں بمقابلہ دیگر مزید بڑھی ہوئی ہیں کیونکہ پورے صوبہ بہار میں عربی زبان کے حوالے سے آپ ہی مرکز توجہ ہیں اسلئے عربی زبان اور اس کے مختلف گوشوں اور شعبوں میں آپ کو یک گونہ زیادہ محنت کرنی پڑے گی، عربی صحافت میں اس شعبہ سے مجلہ نکلنا چاہیئے، ماشاء اللہ آپ حضرات باصلاحیت ہیں یہ کام کرسکتے ہیں بس عزم وارادہ کی ضرورت ہے کیونکہ یہ فیلڈ پورے بہار میں اس وقت بالکل خالی ہے، ریسرچ کا معیار بھی بلند کرنا ہے، اسکالرس اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے تحقیق کا کام انجام دیں کیونکہ آج کی کوشش و کاوش ہی کل کیلئے کامیابی کی ضمانت بنتی ہے، آپ محنت سے کام کریں اور اپنی صلاحیتوں سے دوسروں کو فائدہ پہونچانے کا جذبہ پیدا کریں تو پھر میدان عمل بھی آپ کے لئے تیارہے،مواقع بیشمار ہیں بس صلاحیت اور محنت کی ضرورت ہے ۔
صدر شعبہ عربی استاد ڈاکٹر سرور عالم ندوی نے مہمان گرامی کا پرجوش استقبال کیا اور عربی زبان میں آپ کے مقام ومرتبہ سے سامعین کو روشناس کرایا اور فرمایا کہ اس وقت ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیاں عربی زبان سے آپ کی وابستگی اور اسکے فروغ کی کوششوں اور تجربات سے فائدہ اٹھارہی ہیں ہم بھی آپ کے مفید مشوروں اور تجربوں سے مستفید ہونے کے متمنی ہیں، شعبہ کے استاد ڈاکٹرہاشم رضا نے شعبہ میں آپ کی تشریف آوری اور قیمتی نصائح اور مشوروں پر آپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، اس موقع پر طلباء کے علاوہ ڈاکٹر صادق حسین صدر شعبہ فارسی پٹنہ یونیورسٹی، ڈاکٹر سلیم اختر صدر شعبہ عربی پٹنہ کالج، ڈاکٹر سیف اللہ مکی استاد عربی پٹنہ کالج اور دیگر اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔