Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Feb
واشنگٹن ،20فروری:امریکا نے تباہ کن زلزلے سے متاثرہ ترکیہ اورشام کو 10 کروڑڈالرکی اضافی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ پہلے سے اعلان کردہ ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالرکی امدادی رقم کے علاوہ ہے،جبکہ وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے انقرہ کو یقین دلایا ہے کہ ’’امریکا یہاں موجود ہے‘‘۔امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صدرجوبائیڈن پناہ گزینوں اور مہاجرت کے ہنگامی معاونت فنڈ (ای آر ایم اے) میں سے پانچ کروڑڈالر اور محکمہ خارجہ اور یو ایس ایڈ کے ذریعے انسانی امداد میں پانچ کروڑڈالر کی منظوری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔بیان کے مطابق یہ انسانی امداد ترکیہ اورشام میں زلزلے سے متاثرہ کمزورآبادیوں کومہیا کی جائے گی اورامدادی سرگرمیوں میں شریک بین الاقوامی اورغیرسرکاری تنظیموں کی مدد کے لیے دستیاب ہوگی۔اس نئے امدادی پیکج سے ضروری امدادی اورزندگی بچانے والی اشیاء جیسے کمبل، گدے، فوڈ پیک، گرم کپڑے، خیموں اور پناہ گاہوں کے سامان کی خریداری کی جائے گی۔اس کے علاوہ ادویہ اورصحت کی خدمات، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی کوششوں اور زلزلے سے متاثرہونے والے بچّوں اورنوجوانوں کی تعلیم میں مدد دینے کے پروگراموں پربھی یہ امدادی رقم خرچ کی جائے گی۔امریکا کی طرف سے اس نئے امدادی پیکج کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نیٹواتحادی کو مدد کی پیش کش کرنے کے لیے ترکیہ کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔بلینکن انچرلیک ائیربیس پرپہنچے تھے جسے امریکا نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے اڈے کے طور پر استعمال کیا ہے۔انھوں نے 6 فروری کوترکیہ اور شمالی شام میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک صوبہ حاتائے کا ہیلی کاپٹر سے فضائی دورہ کیا۔دونوں پڑوسی ممالک میں تباہ کن زلزلے میں اب تک ہلاکتوں کی تعدادپینتالیس ہزار سے بڑھ چکی ہے۔بلینکن نے ہوائی اڈے پرصحافیوں کو بتایا:’’یہ ایک طویل مدتی کوشش ہوگی جب آپ بے پایاں نقصانات کی حد، عمارتوں کی تعداد، اپارٹمنٹس کی تعداد، تباہ ہونے والے گھروں کی تعداد کو دیکھتے ہیں،توتعمیرِنو کے لیے بڑے پیمانے پرکوششوں کی ضرورت ہے لیکن ہم اس کوشش میں ترکیہ کا ساتھ دینے کے لیے پْرعزم ہیں‘‘۔انھوں نے مزیدکہا:’’اس وقت سب سے اہم چیزلوگوں کومدد مہیّاکرنا ہے اورسادہ لفظوں میں یہ باورکرانا ہے کہ امریکا یہاں ہے‘‘۔

