آصف آفریدی کا اقبال جرم، پی سی بی نے دو سال کی پابندی عائد کردی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Feb

لاہور،8فروری:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بین الاقوامی اسپنر آصف آفریدی پر دو سال کی پابندی عائد کردی۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی سی بی کے انسداد بدعنوانی کوڈ برائے شرکا کے تحت دو خلاف ورزیوں کے الزام میں جرم قبول کرنے کے بعد آصف آفریدی پر دو سال کے لیے تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ آرٹیکل 2.4.10 کی خلاف ورزی پر آفریدی کو دو سال کی نااہلی کی سزا دی گئی تھی، جبکہ آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی پر ان پر چھ ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔نااہلی کی دونوں مدتیں ایک ساتھ چلیں گی اور ان کی عارضی معطلی کے دن سے شروع ہوں گی، جس کا آغاز 12 ستمبر 2022 کو ہوا تھا۔پی سی بی نے پابندی کی مدت کے بارے میں اپنے عزم پر پہنچتے ہوئے اعتراف جرم، اظہارِ پشیمانی، ماضی کا ٹریک ریکارڈ اور آصف آفریدی کی درخواست پر غور کیا کہ پی سی بی ان کے کیس پر ہمدردی سے غور کرے، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اس نے غیرارادی طور پر کوڈ کی خلاف ورزی کی۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ’ایک بین الاقوامی کرکٹر کو دو سال کے لیے معطل کرنے سے پی سی بی کو کوئی خوشی نہیں ہوتی، لیکن ہم اس طرح کے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کا رویہ رکھتے ہیں۔ کھیل کی گورننگ باڈی کے طور پر ہمیں مثالیں بنانے، ایسے معاملات کو مضبوطی سے سنبھالنے اور تمام کرکٹرز کو مضبوط پیغامات بھیجنے کی ضرورت ہے۔‘اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ بدعنوانی ہمارے کھیل کیلیے خطرہ ہے کیونکہ خود غرض بدعنوان کرکٹرز کو مختلف طریقوں سے لالچ دیتے ہیں۔خیال رہے کہ آصف آفریدی خیبر پختونخوا کے لیفٹ آرم اسپنر ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔