دو راکٹ فائر ہونے کے جواب میں اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Feb

غزہ سٹی،2فروری:اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جمعرات کی رات غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فو ج نے کہا کہ غزہ سے دو راکٹ فائر کئے گئے تھے جس میں سے ایک راکٹ کو روک دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکہ نے حال میں ہی مغربی کنارے میں تشدد کو روکنے کے لیے اسرائیل اور فلسطین دونوں فریقو ں سے تشدد روکنے کی اپیل کی ہے۔اسرائیل کے غزہ پر حالیہ فضائی حملے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے فضائی حملوں میں بدھ کے راکٹ لانچ کے جواب میں حماس کے زیر استعمال راکٹ اور ہتھیار تیار کرنے والے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملوں کے باعث زور دار دھماکوں نے غزہ میں عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا اور غزہ میں رات کا آسمان روشن کر دیا۔ جمعرات کی صبح غزہ کی جانب سے مزید راکٹ فائر کرنے سے خبردار کرنے کے لیے قریبی اسرائیلی علاقوں میں وارننگ سائرن بجائے گئے۔حماس یا اسلامی جہاد تحریک کی طرف سے بدھ کے راکٹ فائر کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔بائیں بازو کی ڈیموکریٹک فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے عسکری ونگ نے اعلان کیا کہ اس نے جمعرات کی صبح اسرائیل پر راکٹ داغے اور کہا کہ یہ اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے خلاف فضائی حملوں اور منظم جارحیت کا جواب ہے۔مغربی کنار ے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوجی حملے میں 10 فلسطینیوں کو خون میں نہلا دینے اور پھر مشرقی القدس کے قریب فلسطینی کی جانب سے فائرنگ کرکے 7 یہودیوں کو ہلاک کرنے کے بعد سے فلسطین اور اسرائیل میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے منگل کے روز خطے کے اپنے دورے کے دوران دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں۔ انہوں نے دہائیوں پرانے تنازعے کو ختم کرنے کے لیے دو ریاستی حل کے لیے واشنگٹن کی حمایت کا اعادہ کیا۔ مشرق وسطیٰ کے امور کے لیے امریکی سفارت کار کی سربراہ باربرا لیف اور خطے میں فلسطینی امور کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی ہادی عمرو دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی کی بات چیت جاری رکھنے پر زور دے رہے ہیں۔اسرائیل کے سخت گیر قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے بدھ کو راکٹ فائر ہونے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ فلسطینی قیدیوں کے لیے حالات کو مزید مشکل بنانے کے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔