دہلی میں اویسی کے گھر پر پتھراؤ، پولیس گھنٹوں بعد بھی ہاتھ خالی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Feb

نئی دہلی، 20 فروری: نئی دہلی ضلع اشوکا روڈ پر واقع اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی کے گھر پر پتھراؤ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ حملہ کیوں کیا گیا اس کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ وہیں اویسی کی شکایت پر پولیس نے واقعہ کی جانچ شروع کردی ہے۔ اس حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی شکایت درج نہیں کی گئی ہے۔ وہیں واقعہ کے 12 گھنٹے بعد بھی پولیس کے ہاتھ خالی ہیں۔ فی الحال پولس معاملے کی تحقیقات کی بات کر رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں اویسی کے گھر پر نامعلوم شرپسندوں نے مبینہ طور پر پتھراؤ کیا۔ حملے میں کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔ اس حملے کے بعد اویسی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی شکایت درج کرائی۔ اویسی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ کچھ نامعلوم شرپسندوں نے دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا۔
یہ واقعہ اشوک روڈ علاقے میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اویسی کی دہلی کی رہائش گاہ پر شام 5.30 بجے کے قریب پیش آیا۔ اس سلسلے میں اطلاع ملنے کے بعد ڈی سی پی کی قیادت میں دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ اویسی نے اس سلسلے میں پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں اپنی شکایت درج کرائی ہے۔
پولیس اسٹیشن میں دی گئی شکایت میں کہا گیا کہ شرپسندوں کے ایک گروپ نے پتھراؤ کیا اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا۔ اویسی نے شکایت میں کہا کہ جب وہ رات 11:30 بجے گھر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ کھڑکی کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے۔ وہاں چاروں طرف پتھر بکھرے پڑے تھے۔ پوچھ گچھ پر گھریلو ملازمہ نے واقعہ کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب شرپسندوں کے ایک گروپ نے رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا۔
اویسی کے گھر پر یہ چوتھا حملہ ہے۔ شکایتی خط میں کہا گیا ہے کہ اس کے گھر کے آس پاس کے علاقے میں کافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ ان سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حملہ آوروں تک پہنچا جا سکتا ہے۔