ٹیم نے اس سال نئے سیزن کی مثبت شروعات کی ہے: سویتا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Feb

نئی دہلی ، 6 فروری: جنوبی افریقہ کے دورے سے واپسی کے ایک ہفتہ بعد ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا نے کہا کہ ٹیم نے اس سال نئے سیزن کی مثبت شروعات کی ہے۔ جنوبی افریقہ کے دورے پر ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے چار میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کا سامنا کیا اور تین دوستانہ میچوں میں عالمی نمبر 1 ہالینڈ کے ساتھ بھی کھیلا۔جنوبی افریقہ کے خلاف ، ہندوستان نے 5-1، 7-0 اور 4-0 سے کامیابی حاصل کی اور آخری میچ 2-2 سے ڈرا رہا اور نیدرلینڈ کے خلاف ٹیم کو تینوں دوستانہ مقابلوں میں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سویتا نے کہا ’ یہ ہمارے لیے بہت اہم سال ہے کیونکہ ہمارا مقصد ایشین گیمز جیتنا ہے اور پیرس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے۔ اس سال ہم پر امید ہیں۔ خاص طور پر اس لیے بھی کہ ہم نے پچھلے کچھ سالوں میں کچھ بہت اچھی بین الاقوامی کارکردگی دکھائی ہے۔ اور ہم نے سخت میچوں میں زیادہ اعتماد اور جارحیت حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سال کا آغاز مثبت انداز میں کیا ، جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچ جیتے اور ایک ڈرا اور پھر ہالینڈ کے خلاف اچھے میچ۔ اس دورے نے ہمیں بطور ٹیم بہتر بنانے میں مدد کی۔ ہم کیپ ٹاؤن گئے جو ایک خوبصورت شہر ہے اور ٹیم کوواقعی وہاں بہت لطف آیا۔ہندوستانی خواتین کی ٹیم 12 فروری سے شروع ہونے والے قومی کیمپ کے لئے ایس اے آئی، بنگلورو واپس آئے گی۔ چھ ہفتے کے کیمپ میں، ٹیم کیپ ٹاؤن میں اپنی حالیہ کارکردگی کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کھیل کے کچھ تکنیکی پہلوؤں کو بہتر بنانے کے علاوہ اپنی طاقت اور کنڈیشنگ پر توجہ دے گی۔سویتا نے کہا ’ ہیڈ کوچ جانانیک ایک بار پھر کیپ ٹاؤن میں ہماری کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور ہم انفرادی اور ٹیم میٹنگز کریں گے تاکہ ان شعبوں کا تجزیہ کیا جا سکے جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہر کسی کے ساتھ پرجوش کھلاڑی اپنا بہترین پیش کرنے اور ایشین گیمز کی ٹیم بنانے کے لیے کوشاں ہوں گے۔