ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں جیت کے ہیرو جوگندر شرما کا کرکٹ سے الوداع

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Feb

نئی دہلی ، 3فروری :آل راؤنڈر جوگندر شرما، جنہوں نے 2007 کے T20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹیم انڈیا کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، نے 3 فروری کو تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔خیال رہے کہ2007کے فائنل میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم انڈیانے 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے، جس کے بعد ہدف کا تعاقب کرنے والی پاکستانی ٹیم 19.3 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔جوگندر شرما نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے سب کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سال 2002 سے 2017 میری زندگی کے سب سے خاص سال رہے ہیں۔ جہاں مجھے ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا۔ میں بی سی سی آئی، ہریانہ، چنئی سپر کنگز اور ہریانہ حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔جوگندر شرما نے مزید لکھا کہ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں، معاون عملے اور فین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے میرے کیریئر کے اتار چڑھاؤ کے دوران مسلسل میرا ساتھ دیا۔ اب میں کرکٹ کے لیے دستیاب دیگر آپشنز پر اپنا حصہ ادا کرتا رہوں گا۔جوگندر شرما نے 2004 میں سورو گنگولی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کے لیے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیاتھا۔ اس کے بعد انہوں نے 2004 سے 2007 تک ہندوستانی ٹیم کے لیے 4 ون ڈے اور 4 ٹی 20 میچ کھیلے۔اس کے علاوہ جوگندر نے آئی پی ایل میں پہلے 4 سیزن چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلے جس میں انہیں 16 میچز کھیلنے کا موقع ملا اور اس دوران انہوں نے 16 وکٹیں حاصل کی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں جوگندر شرما نے کل 77 فرسٹ کلاس میچز، 80 لسٹ-اے میچز اور 43 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔