پولٹری فارم میں آگ لگنے سے 20 لاکھ کی مرغیاں جل کر راکھ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Feb

سمستی پور: مورخہ 6/فروری   (محمد خورشید عالم) سمستی پور ضلع کے ویبھوتی پور تھانہ علاقہ کے تحت کھوکسا گاؤں میں اتوار کی درمیانی شب پولٹری فارم میں آگ لگنے سے 20 لاکھ روپے سے زیادہ کی مرغیاں جل کر خاکستر ہوگئی۔ اس کے علاوہ پولٹری فارم کی دیگر املاک بھی تباہ ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ویبھوتی پور تھانے سے فائر بریگیڈ کی ٹیم پہنچ گئی اور تقریباً 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس دوران گاؤں میں افراد تفری کا ماحول قائم رہا۔ واقعہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ رات تقریباً 2:00 بجے کھوکسہا گاؤں کے رام چندر مہتو کے پولٹری فارم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے شعلے شدت اختیار کرنے کے بعد جب لوگوں کی نیند ٹوٹی  تو آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے۔ لوگوں نے سمرسیبل سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ جس کے بعد معاملے کی اطلاع ویبھوتی پور تھانے میں واقع فائر بریگیڈ ٹیم کو دی گئی۔فائر بریگیڈ ٹیم کے ارکان نے موقع پر پہنچ کر تقریباً 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعے میں پولٹری فارم میں 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مرغیاں جل کر راکھ ہو گئی۔ اس کے علاوہ پولٹری فارم کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ آگ سے چنگاری اٹھتی دیکھ کر لوگوں نے پہلے بجلی کی لائن کاٹ دی جس کے بعد آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردی گئی۔ دوسری جانب مقامی سی او اشوک کمار یادو نے بتایا کہ پولٹری فارم میں آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے ریونیو ورکر کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے گاؤں بھیجا جا رہا ہے۔ تھانہ صدر سندیپ پال نے بتایا کہ رات تقریباً دو بجے پولٹری فارم میں آگ لگنے کی اطلاع پولس تھانے کو دی گئی۔ جس کے بعد تھانے سے فائر ٹیم کو موقع پر بھیج دیا گیا اور فائر ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا ہے۔ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔