پون کھیڑا گرفتار، پولیس انہیں آسام لے جانے کی تیاری کر رہی ہے، کانگریس نے کہا – یہ آمریت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Feb

نئی دہلی ،23فروری:کانگریس لیڈر پون کھیڑا کو آسام پولیس نے دہلی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔ آسام پولیس کے آئی جی پی پرشانت کمار بھوئیاں نے کہا کہ کانگریس لیڈر پون کھیڑا کے خلاف ہافلنگ، دیما ہاساو، آسام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ آسام پولیس نے اس معاملے میں پون کھیڑا کو گرفتار کیا ہے۔ آئی جی پی پرشانت کمار نے بتایا کہ آسام پولیس کے کہنے پر ہی دہلی پولیس نے پون کھیڑا کو جہاز سے نیچے اتارا۔ پون کھیڑا کانگریس لیڈروں کے ساتھ رائے پور میں ہونے والے کانگریس اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیگو کی فلائٹ سے روانہ ہونے والے تھے کہ دہلی پولیس نے انہیں فلائٹ سے اتار کر اپنی تحویل میں لے لیا۔ مقامی عدالت سے اجازت لینے کے بعد کھیڑا کو آسام لایا جائے گا۔ پون کھیڑا نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بھی تبصرہ کیا تھا۔ آسام پولیس کی اس کارروائی کو اسی بیان سے جوڑا جا رہا ہے۔پون کھیڑا کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں ان کے ساتھ موجود کانگریسی لیڈر ایئرپورٹ پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ کانگریس نے اسے مودی حکومت کی آمریت قرار دیا۔ اتنا ہی نہیں کانگریس نے اس معاملے کو چھتیس گڑھ میں ہونے والے کانگریس اجلاس سے جوڑا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ رائے پور میں ہونے والے قومی کنونشن کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔