فرانس نے کائلان ایمباپے کو کپتان مقرر کیا، نظریں یورو کپ 2024 پر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st March

پیرس ، 21مارچ : فرانس نے اسٹار اسٹرائیکر کائلان ایمباپے کو اپنی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ ایمباپے سابق کپتان ہیوگو لوریس کی جگہ کپتانی سنبھالیں گے۔ 36 سالہ ہیوگو نے گزشتہ سال فیفا ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ ایمباپے صرف 24 سال کی عمر میں ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ اب ان کی نظریں اگلے سال ہونے والے یورو کپ پر ہوں گی۔فرانس کے علاوہ ایمباپے پیرس سینٹ جرمین کے لیے بھی کھیلتے ہیں اور وہ گذشتہ کچھ وقت سے بہترین فارم میں ہیں۔ ایمباپے نے فرانس کے کوچ ڈیڈیئر ڈیشاؤ سے بات چیت کے بعد کپتانی کی پیشکش قبول کر لی۔ ٹوٹنہم کے گول کیپر ہیوگو نے جنوری میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا خاتمہ کیا۔ 36 سالہ لوریس ایک دہائی سے زائد عرصے تک فرانس کے کپتان رہے۔
اٹلیٹیکو میڈرڈ کے اسٹار فارورڈ اینٹونی گریزمین کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے کیونکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سینٹر بیک رافیل وران بھی دسمبر میں ارجنٹینا کے خلاف شکست کے بعد مستعفی ہو گئے تھے۔ ایمباپے نے فرانس کے لیے 66 میچ کھیلے ہیں اور 36 گول کیے ہیں۔ ایمباپے نے فرانس کو 2018 میں عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔
واضح ہو کہ اس سال فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو ارجنٹینا کے ہاتھوں پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم ایمباپے کی کارکردگی بہت متاثر کن تھی اور انہوں نے صرف فائنل میچ میں تین گول اسکور کیے۔ ایمباپے فیفا ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی تھے۔ ایمباپی پی ایس جی میں نائب کپتان کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ فرانس کے کپتان کے طور پر ان کا پہلا میچ جمعہ کو ہوگا جب فرانس کی ٹیم یورو 2024 کے کوالیفائر میں ہالینڈ سے مقابلہ کرے گی۔