Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th March
احمد آباد، 11 مارچ: بارڈر ۔گاوسکر ٹرافی کے تحت یہاں کھیلے جارہے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھارت نے مضبوط جوابی حملہ کیا ہے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر بھارت نے 3 وکٹوں پر 289 رن بنا لیے ہیں۔ وراٹ کوہلی 59 اور رویندر جڈیجا 16 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ بھارت کی جانب سے شبھمن گل نے شاندار سنچری اننگ کھیلتے ہوئے 128 رن بنائے۔ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگ کی بنیاد پر اب بھی 191 رن سے آگے ہے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 480 رن بنائے تھے ۔کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی اور پہلی وکٹ کے لیے 74 رن کی شراکت داری کی۔ میتھیو کوہنیمن نے روہت کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ روہت نے 58 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رن بنائے۔ اس کے بعد گل نے پجارا کے ساتھ اننگ کو آگے بڑھایا۔ اس دوران انہوں نے مچل اسٹارک کو چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی پجارا بھی فارم میں نظر آئے۔ دونوں نے احتیاط سے کھیلا اور ہندوستانی ٹیم کے اسکور کو 187 رن تک لے گئے۔ اس دوران گل نے ٹوڈ مرفی کی گیند پر چوکا لگا کر اپنے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ تاہم گل کی سنچری کے بعد اسی اوور میں مرفی نے پجارا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے بھارت کو ایک اور جھٹکا دیا۔ پجارا نے 42 رن بنائے۔ تاہم آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے گل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 113 رنوں کی شراکت داری کی۔
اس کے بعد گل نے وراٹ کوہلی کے ساتھ 58 رنوں کی شراکت داری کرکے ٹیم کا مجموعی اسکور 245 تک پہنچا دیا۔ 245 کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے گل کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے بھارت کو بڑا جھٹکا دیا۔ گل نے 235 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 128 رنوں کی شاندار سنچری کھیلی۔ اس کے بعد کوہلی اور جڈیجہ نے مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ اب تک دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 44 رنوں کی شراکت ہو چکی ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہنی مین، نیتھن لیون اور ٹوڈ مرفی نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 480 رن بنائے، خواجہ، گرین کی سنچری، اشون نے 6 وکٹیں حاصل کیں
اس سے قبل اوپنر عثمان خواجہ اور کیمرون گرین کی سنچری اننگ کی بدولت آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگ میں 480 رن بنائے۔ خواجہ نے 180 اور گرین نے 114 رن بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ ٹوڈ مرفی نے 41، اسٹیو اسمتھ نے 38، ٹریوس ہیڈ نے 32 اور نیتھن لیون نے 34 رن بنائے۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن اشون نے 6، محمد شامی نے دو اور رویندر جڈیجا اور اکشر پٹیل نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

