آئی پی ایل 2023: لیگ کے پہلے میچ میں سی ایس کے کا مقابلہ گجرات سے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th March

نئی دہلی، 30 مارچ:۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 کے پہلے میچ میں مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کا مقابلہ 31 مارچ کو مشہور نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہاردک پانڈیا کے گجرات ٹائٹنز سے ہوگا۔
گجرات ٹائٹنز اس سیزن کا آغاز ایک ایسی ٹیم کے خلاف دھماکہ خیز انداز میں کرنا چاہے گی جو لیگ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔
جہاں ہاردک پانڈیا ہوم سپورٹ اور آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کے خلاف اپنے ناٹ آوٹ ریکارڈ کو برقرار رکھنا چاہیں ، وہیں کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں سی ایس کے نئے سیزن میں سیدھا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دو میچوں میں ہاردک پانڈیا کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔
ٹائٹنس نے اپنے ڈیبیو سیزن میں ایک عمدہ مشینری کی طرح کام کیا ہے اور کوچ آشیش نہرا چاہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی ان کی سابقہ فرنچائزی کے خلاف زوردار طریقہ سے اپنی مہم کا آغاز کریں۔ تاہم، میزبانوں کے لیے اس بار سی ایس کے کو ہرانا آسان نہیں ہوگا۔
گذشتہ سیزن کے آغاز سے دو دن قبل ٹیم کی باگ ڈور آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کو سونپنے کے چنئی میں مقیم فرنچائزی کے فیصلے کے مطلوبہ نتائج نہیں ملے، جس کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ کو اپنے قابل اعتماد دھونی کی طرف واپس جانے کو مجبور ہونا پڑا۔ تجربہ کار ہندوستانی کپتان کی قیادت میں، سپر کنگز – جو آئی پی ایل 2021کی چیمپئن تھی – گزشتہ سیزن کی بری یادوں کو بھول کر خود کو ثابت کرنے کے لیے بے چین ہوں گے۔
دھونی کے سب سے بھروسے مند لیفٹیننٹ جڈیجا سیزن میں اپنا بہترین مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہندوستان کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ – جنہوں نے سی ایس کے کے ساتھ آئی پی ایل 2018 کا خطاب جیتا تھا – کو سوراشٹر کے آل راؤنڈر سے کافی امیدیں ہیں۔
آئی پی ایل 2023 کے ٹی وی براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس سے خصوصی بات کرتے ہوئے، ہندوستان کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا،’’ایک کھلاڑی جس پر میری نظریں ہوںگی،وہ رویندر جڈیجا ہوں گے۔ میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ وہ سی ایس کے کے لیے کس طرح کی بلے بازی کرتے ہیں ۔ مجھے لگتا ہے کہ اسے بلے بازی آرڈر (اس سیزن) میں اوپربھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ گیند کے ساتھ ان کے چار اوور بھی اہم ہوں گے۔ اگر آپ اس وقت عالمی کرکٹ پر نظر ڈالیں تو ان سے بہتر آل راونڈر کوئی نہیں ہے۔ لہٰذا، میں رویندر جڈیجا کو آئی پی ایل میں پرفارم کرتے ہوئے دیکھنے کا منتظر ہوں‘‘۔
کوچ اسٹیفن فلیمنگکی ٹیم نے آئی پی ایل 2023 کی نیلامی میں ٹیم کو کچھ بہتر کیا اور ایک بار پھر تجربہ پر اعتماد ظاہر کیا جب انہوں نے انگلینڈ کے بہترین آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی خدمات حاصل کیں۔ سی ایس کے نے اسٹوکس کو 16.25 کروڑ میں خریدا۔
گجرات ٹائٹنز کی سب سے بڑی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے، ہربھجن سنگھ نے کہا،’’ایک چیز انہوں نے دوسروں سے بہتر کی ہے ،وہ یہ ہے کہ وہ بہت لچکدار رہے ہیں۔ وہ اس بارے میں کبھی سخت نہیں رہے کہ کون کہاں بلے بازی کرے ۔ ہم نے دیکھا کہ ہاردک پانڈیابلے بازی آرڈر میں اوپر آرہے ہیں اور رن بنارہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں گجرات ٹائٹنز کے لیے ایک موزوں بلے باز کی طرح کھیلا۔ وہ پچھلے سیزن میں کافی اسمارٹ تھے۔ جونٹی روڈز نے ایک بار کہا تھا کہ ‘ایک خوش ٹیم ایک فاتح ٹیم ہے’ اور اس ٹیم نے بھی یہی فارمولہ اپنایا۔ میں نے آشیش نہرا اور پوری ٹیم مینجمنٹ سے جو سیکھا، وہ بہت خوش ٹیم تھی‘‘۔
ہندوستان کے سابق آل راونڈر عرفان پٹھان نے تین وجوہات بتائیں جو آئی پی ایل 2023 میں گجرات ٹائٹنز کی کامیاب مہم کے لیے اہم ہوں گی۔
پٹھان نے کہا،’’پہلی چیز ٹیم کے پاس اعتماد ہے، جو اس نے پچھلے ایڈیشن میں دکھایا اور ایک چیمپئن کی طرح کھیلے اور ٹرافی جیتی۔ دوسراہاردک پانڈیا ہیں کیونکہ وہ ہندوستان کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔ اس سے انہیں ایک اضافی ذہنی حوصلہ ملتا ہے۔ اور تیسرا راشد خان، جو اس فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کے لیے ہمیشہ کامیابی کی کلید ہوتے ہیں‘‘۔