این سی ایل اے ٹی نے گوگل پر 1337.76 کروڑ روپے کا جرمانہ برقرار رکھا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th March

نئی دہلی، 29 مارچ : امریکی سرچ انجن کمپنی گوگل کو نیشنل کمپنی لا اپیلٹ ٹریبونل (این سی ایل اے ٹی) سے جھٹکا لگا ہے۔این سی ایل اے ٹی نے گوگل کے معاملے میں کمپیٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی ) کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔اپیلٹ ٹریبونل کی دو رکنی بنچ نے بدھ کے روز اپنے فیصلے میں سی سی آئی کی طرف سے گوگل پر لگائے گئے 1337.76 کروڑ روپے کے جرمانے کو برقرار رکھا ہے۔ ٹربیونل نے گوگل کو ہدایت کی تعمیل کرنے اور جرمانے کی رقم تیس دن کے اندر جمع کرنے کو بھی کہا ہے۔
این سی ایل اے ٹی کے چیئرپرسن جسٹس اشوک بھوشن اور رکن آلوک سریواستو کی بنچ نے سی سی آئی کے حکم میں کچھ ترامیم بھیکیں۔ اپیلٹ ٹریبونل نے گوگل کی اس اپیل کو مسترد کر دیا کہ کمپیٹیشن کمیشن آف انڈیا نے تحقیقات میں قدرتی انصاف کی خلاف ورزی کی ہے۔ ریگولیٹر نے اپنے فیصلے میں کمپنی کو مختلف غیر منصفانہ تجارتی طریقوں سے گریز کرنے اور باز رہنے کو بھی کہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سی سی آئی نے گزشتہ سال 20 اکتوبر کو امریکی سرچ انجن کمپنی گوگل پر اینڈرائیڈ موبائل ڈیوائسز کے معاملے میں غیر مسابقتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر 1337.6 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ مسابقتی کمیشن کے اس حکم کو ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی اور سرچ انجن کمپنی گوگل نے اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔