Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th March
کوئٹہ ،10مارچ : بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں درج مقدمے کے سلسلے میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔گزشتہ روز اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں درج کیے گئے بغاوت کے مقدمے میں کوئٹہ کی مقامی عدالت کے جج نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔پی ٹی آئی بلوچستان نے عمران خان کے خلاف درج مقدمہ بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست میں پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف کوئٹہ میں درج مقدمہ ختم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔وکیل سید اقبال شاہ ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بجلی روڈ تھانہ میں مقدمہ درج نہیں ہوسکتا، جس الزام پر مقدمہ درج ہوا وہ بجلی روڈ تھانہ کی حدود میں سرزسد نہیں ہوا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف ایف آئی آر کو ختم کیا جائے، جوڈیشل میجسٹریٹ کی جانب سے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ معطل کرنے کی بھی درخواست کی گئی۔سماعت کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف درج مقدمے اور وارنٹ گرفتاری 2 ہفتوں کے لئے معطل کردیے، عدالت نے آئی جی پولیس، ڈی آئی جی، ایس پی لیگل اور ایس ایچ او کو نوٹسز جاری کر دیے۔عدالت نے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے خلیل کاکڑ کو بھی نوٹس جاری کر دئیے، اس کے بعد عدالت نے سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری کیس کی سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔کوئٹہ میں عمران خان کے خلاف درج مقدمے سے متعلق معاملے پر جوڈیشل مجسٹریٹ اول کی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ 5 مارچ کو بجلی روڈ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔مقدمہ عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر درج کیا گیا جس میں بغاوت کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔درخواست گزار نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جبکہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف بلاجواز اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت بھی پھیلائی۔

