جماعت اسلامی ہند شہر پٹنہ کی جانب سے جلسہ استقبال رمضان کا انعقاد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st March

پٹنہ۲۱؍ مارچ:جماعت اسلامی ہندشہر پٹنہ کی جانب سے گذشتہ اتوار کو فاران مسجد ،نیو عظیم آباد کالونی، پٹنہ میں ایک جلسہ استقبال رمضان کا انعقاد ہوا۔ جس میں باشندگان محلہ و عمائدین شہر نے شرکت کی جلسہ کا آغاز مولانا عبدلحنّان امام و خطیب مسجد ھٰذا کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا۔ بعدہٗ ناظم شہر جناب قمروارثی نے اپنی تمہیدی گفتگو میں کہاکہ آپ کے علم میں ہے کہ شعبان المعظم در اصل رمضان کے استقبال اور تیاری کا مہینہ ہے۔ خود رسول اللہ ﷺ رمضان کی تیاری اور اس ماہ کے استقبال کی تلقین صحابہ کرام کو کرتے۔ اسی سنت رسول کی اتباع کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند شہر پٹنہ کی جانب سے آج کا یہ جلسہ منعقد کیا گیا ہے۔ آپ نے فرمایا رمضان دراصل نزول قرآن کا مہینہ ہے لہٰذا ہمیں قرآن سے گہرا تعلق ہونا چاہئے قرآن کو معانی و تفسیر کے ساتھ پڑھیے۔ ناظم شہر نے جماعت کا مختصر تعارف کراتے ہوئے جماعت کے 75سالہ خدمات کا بھی ذکر کیا۔
اس کے بعد امارت شرعیہ بہار جھارکھنڈ و اڑیسہ کے مولانا نصیر الدین مظاہری نے اپنی کلیدی خطاب میں رمضان المبارک کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ہمدردی و خیر خواہی ا ور صبر کا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے ماتحتوں سے کم خدمت لیں روزہ کے ساتھ ساتھ ذکر و اذکار و تلاوت میں زیادہ سے زیادہ وقت دیں اس ماہ میں نفل کا ثواب فرض اور فرض کا ثواب ستر گنا کر دیا جاتا ہے۔ جلسہ سے امام و خطیب مسجد حراء ، ڈاکٹر وزیر الدین احمد اور خواجہ محمد طارق نے بھی خطاب کیا اور رمضان کا اصل مقصد جو حصول تقویٰ ہے، اس سے متصف ہونے کی تلقین کی ۔ جلسہ کی نظامت ڈاکٹر محمد فہیم الدین نے کی جبکہ محمد آرزو منتظم مسجد فاران نے اظہار تشکر پیس کیااور مولانا نصیر الدین مظاہری کی دعا پر جلسہ کا ختتام ہوا۔ جلسہ میں خواتین نے بھی شرکت کی اور موعظ حسنہ سے استفادہ کیا۔