!‘راہل گاندھی کے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں ضمنی انتخاب کے سوال پر چیف الیکشن کمشنر کا جواب ’کوئی جلدی نہیں ہے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th March

نئی دہلی،29مارچ :کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد وائناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب فی الحال نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میمں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے واضح کیا کہ اس معاملے پر کوئی جلدبازی نہیں کریں گے، کیونکنہ ٹرائل کورٹ نے اپیل کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔خیال رہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ’مودی کنیت‘ سے وابستہ چار سال پرانے ہتک عزتی کے معاملہ میں سورت کی عدالت نے دو سال کی سزا سنائی ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد لوک سبھا سکریٹریٹ نے ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت بھی منسوخ کر دی۔ اسپیکر نے یہ کارروائی عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے تحت کی۔راہل گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد کانگریس ہی نہیں پوری حزب اختلاف چراغ پا ہو گئی ہے اور مرکزی حکومت کے خلاف تحریک چھیڑ دی گئی ہے۔ گزشتہ روز کانگریس لیڈران نے مشعل بردار مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا، تاہم دہلی پولیس نے مارچ پر قدغن لگا دی اور کئی لیڈران کو حراست میں لے لیا۔خیال رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت اگر کسی ایم پی یا ایم ایل اے کی سزا عدالت کی جانب سے معطل کر دی جاتی ہے تو رکنیت بحال ہو جاتی ہے۔ لکشدیپ سے این سی پی کے رکن پارلیمنٹ محمد فیضل اس کی مثال ہیں۔ انہیں کیرالہ کی ایک عدالت نے ایک فوجداری معاملہ میں 10 سال قید کی سزا سنا دی تھی۔ تاہم کیرالہ ہائی کورٹ نے ان کی سزا معطل کر دی۔ جس کے بعد لوک سبھا سکریٹریٹ کو ان کی رکنیت بحال کرنا پڑی۔