ضلع کلکٹر نے غبارہ چھوڑ کر کھیلوں کا مقابلہ دکچھ کا کیا افتتاح

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14th March

سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آرٹ کلچر اینڈ یوتھ ڈیپارٹمنٹ بہار کے زیراہتمام ضلع سطح کے اسکولی کھیلوں کا مقابلہ “دکش” کا آج ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام ​​کے نیو اسٹیڈیم فضل گنج میں بطور مہمان خصوصی ضلع کلکٹر روہتاس دھرمیندر کمار نے مشعل روشن اور غبارہ اڑاتے ہوئے افتتاح کیا ۔ ضلع کے 19 بلاکس کے 3000 لڑکے اور لڑکی کھلاڑیوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کر کے مہمان خصوصی کا استقبال کیا ۔ افتتاحی تقریب میں ضلع کلکٹر نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کھیلوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور کھیلوں میں حصہ لیں۔ نظم و ضبط اور اپنے ضلع، ریاست اور ملک کا نام روشن کریں ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر جناب شیکھر آنند نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ قومی میڈلسٹ کھلاڑی پردیپ کمار نے آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ ضلع اسپورٹس آفسر راہول کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے کی بنیاد پر ڈویژن سطح اور ریاستی سطح پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائینگے ۔ اس موقع پر ضلع ایجوکیشن آفسر سنجیو کمار بھی بطور مہمان خصوصی موجود تھے ۔ پروگرام کی نظامت ضلع ایتھلیٹکس یونین کے سکریٹری ونئے کرشن نے کی ۔ مقابلے کے کامیاب انعقاد کے لئے ضلع کے تقریباً 90 فزیکل ایجوکیشن اساتذہ کو تعینات کیا گیا تھا ۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں ڈیزائر ڈانس اکیڈمی کے فنکاروں کی جانب سے ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا جسکے بعد تمام شریک کھلاڑیوں کو قومی باسکٹ بال کھلاڑی کنال کمار نے حلف دلایا ۔ ضلع کے قومی کھلاڑیوں نے مشعلوں کے ساتھ پورے میدان کا چکر لگایا جسمیں آکاش کمار، منی کماری، چاندنی کماری، امان کمار، پردیپ کمار اور کنال کمار شامل تھے ۔ آج کبڈی کھو کھو، بیڈمنٹن، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، شطرنج اور ایتھلیٹکس و دیگر مقابلے منعقد ہوئے ۔