لوک سبھا اسپیکر کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کا تحریک عدم اعتماد لانے کا منصوبہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th March

نئی دہلی ،29مارچ:پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے باقی ماندہ وقت کے لیے اپوزیشن پارٹیوں نے نیا منصوبہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اپوزیشن پارٹیاں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی میٹنگ میں اس سے جڑی تجویز رکھی گئی تھی۔ کانگریس اس تعلق سے دیگر اپوزیشن پارٹیوں سے بات کررہی ہے۔ذرائع کے مطابق، 19 اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔ اس کے لیے 50 اپوزیشن کے لوک سبھا ارکان کے دستخط کی ضرورت ہے، جس کی تیاری شروع ہوچکی ہے۔ اپوزیشن کو ایوان میں نہیں بولنے دینے کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جارہی ہے۔اس درمیان خبر یہ بھی ہے کہ راہل گاندھی کے معاملے میں کانگریس پارٹی اگلے ہفتے سیشن کورٹ جاسکتی ہے۔ ابھیشک منو سنگھوی کی قیادت میں ضمانت اور سزا پر روک کے لیے لیگل ٹیم پختہ تیاری کررہی ہے۔ سی ا?ر پی سی کے قانون کے مطابق، سزا پر روک کے لیے ہائی کورت میں اپیل کرنا ہوگا۔کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا کہ یہ حکومت اڈانی گھوٹالے پر کچھ نہیں سننا چاہتی۔ آج بھی ہم نے اس گھوٹالے کی جے پی سی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ اگر حکومت قصوروار نہیں ہے تو وہ اس معاملے پر جے پی سی بنانے سے کیوں بھاگ رہی ہے؟دہلی پولیس نے مشعل مارچ نکالنے والے کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ہریش راوت نے کہا کہ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ ہم نے مشعلیں روشن کیں، جنہیں پولیس نے بجھا دیا۔ ہم اپنے دل کی مشعل روشن کریں گے، ہر ظلم کے خلاف لڑیں گے۔