ملک میں بڑھ رہے ہیں کورونا انفیکشن کے معاملے، 130 دن بعد آئے اتنے زیادہ کیس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th March

نئی دہلی ،20مارچ: ملک میں پیر کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ-19 کے 918 نئے کیسز درج کیے گئے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 6,350 ہو گئی ہے۔ یہ اطلاع پیر کو مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار سے ملی ہے۔ دریں اثنا، ملک میں کورونا سے چار متاثرہ مریضوں کی موت ہوگئی ہے، ان میں سے دو راجستھان میں، اور ایک ایک کرناٹک اور کیرالہ میں موت ہوئی، اب تک مرنے والوں کی کل تعداد 5,30,806 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک دن میں 479 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پیر کے روز یہاں بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے متاثرین کی شرح بڑھ کر 2.08 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ہفتہ وار مثبتیت کی شرح 0.86 فیصد ہے۔ اسی عرصے میں ملک بھر میں کل 44,225 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس سے کل تعداد 92.03 کروڑ سے زیادہ ہو گئی۔ وزارت نے کہا کہ پیر کی صبح تک کل 220.65 کروڑ کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں، جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1,246 خوراکیں شامل ہیں۔