نتیش رانا کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان منتخب،شائقین کا ملا جلا ردِ عمل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th March

ممبئی ، 29مارچ: آئی پی ایل 2023 میں نتیش رانا شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان ہوں گے۔ دراصل شریس ایئرآئی پی ایل 2023 میں نہیں کھیلیں گے۔ شریس ایئر انجری سے نبرد آزما ہیں جس کی وجہ سے وہ پورا سیزن نہیں کھیل پائیں گے۔ جس کے بعد کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے نتیش رانا کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ نتیش رانا آئی پی ایل 2018 میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز سے منسلک تھے، جبکہ اس سے پہلے نتیش رانا ممبئی انڈینز کے لیے روہت شرما کی کپتانی میں کھیل چکے ہیں۔تاہم سوشل میڈیا پر مداح نتیش رانا کو کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کا کپتان بنانے پر مسلسل اپنی رائے دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے کئی صارفین کا خیال ہے کہ نتیش رانا ایک بہتر آپشن ہیں، تاہم اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بہت سے مداحوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو شریس ایئر کی کمی محسوس ہوگی۔بتا دیں کہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز 2 بار آئی پی ایل چمپئن بن چکا ہے۔ اس ٹیم نے پہلی بار سال 2012 میں ٹائٹل جیتا تھا۔ جبکہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز سال 2014 میں دوسری بار چمپئن بنی۔ اس کے بعد سے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کبھی بھی آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، تاہم کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے مداحوں کو امید ہے کہ نتیش رانا کی کپتانی میں ٹیم تیسری بار چمپئن بن سکتی ہے۔واضح ہو کہ آئی پی ایل 2023 31 مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔ اس سیزن کے پہلے میچ میں ہاردک پانڈیا کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے سامنے ہوگی جس کی کپتانی مہندر سنگھ دھونی کررہے ہیں۔