گورنر اور وزیر اعلیٰ نے شہید اعظم سردار بھگت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd March

پٹنہ، 23 مارچ، 2023- شہید اعظم سردار بھگت سنگھ کو ان کے یوم شہادت پرانہیں سلامی پیش کی گئی اوران کی لازوال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہید اعظم کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اہم سرکاری تقریب کا انعقاد کارگل چوک کے مشرق میں واقع شہید اعظم بھگت سنگھ کے مجسمہ کے احاطہ میں کیا گیا، جہاں گورنر جناب راجندر وشوناتھ آرلیکر اور وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے شہید اعظم کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جناب تیجسوی پرساد یادو، خزانہ،کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، وزیر ٹرانسپورٹ مسزشیلا کماری، قانون ساز کونسل کی رکن مسز کمود ورما اور کئی سماجی و سیاسی کارکنوں اور معززین نے شہید اعظم کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر مسلح پولیس فورس کی جانب سے تعزیتی سلامی پیش کی گئی اور حاضرین نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہید اعظم آنجہانی بھگت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔