ہربھجن سنگھ نے کی کے ایل راہل کی تعریف، کہابولاتھانہ بندے میں دم ہے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th March

نئی دہلی ،18مارچ :کے ایل راہل نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار اننگز کھیل کر ٹیم انڈیا کو جتوایا۔ راہل کی اننگز کی بدولت ٹیم انڈیا نے 5 وکٹ سے جیت حاصل کی۔ مڈل آرڈر میں بلے بازی کے لیے آئے کے ایل راہل نے 91 گیندوں میں ناقابل شکست 75 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ راہل کی اس اننگز کے بعد سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے ان کی تعریف کی۔ہربھجن سنگھ نے ٹویٹ کیا اور لکھاکہ بولا تھا نہ بندے میں د م ہے۔ شاباش کے ایل راہل، آپ کو ٹیم انڈیا کے لیے پہلا ون ڈے میچ جیتتے ہوئے اور رنز بناتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے رویندر جڈیجہ، محمد شامی اور محمد سراج کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے جدیجہ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی تعریف کی اور بولنگ میں محمد شامی اور محمد سراج کی بھی تعریف کی۔اس میچ میں جڈیجہ نے بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ میں کے ایل راہل کا ساتھ دیا اور 5 چوکوں کی مدد سے 69 گیندوں میں ناٹ آؤٹ45 رنز بنائے۔ جدیجہ کو اس آل راؤنڈر کارکردگی پرمین آف دی میچ کے خطاب سے نوازا گیا۔ اس میچ میں کے ایل راہل اور رویندر جڈیجہ کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 108 رنز کی شراکت ہوئی۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کے ایل راہل نے اس طرح کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی ہو۔ وہ پہلے بھی ایسا کر چکا ہے۔ 12 جنوری 2023 کو ایڈن گارڈنز میں سری لنکا کے خلاف رنز کا تعاقب کرتے ہوئے راہل نے 103 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا یاتھا۔