ہفتہ جشن نوروز کی مناسبت سے چند لسانی مشاعرے کا انعقاد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th March

دھلی : ذیشان الہی منیر:
جواہر لال نہرو یونیورسٹی دہلی کے شعبہ فارسی ” مرکز مطالعات زبان و ادبیات فارسی و ایشیائے مرکزی” میں ۱۷ مارچ سے نوروز کی مناسبت، اساتذہ اور طلباء کی مشترکہ کوششوں سے مختلف پروگرام  کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلہ کا آغاز ، ۱۷ مارچ کو ہوا۔ جس کا پہلا سیشن، پشتو کے استاد پروفیسر عبد الخالق رشید کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس کے بعد صدر شعبہ پروفیسر اخلاق احمد آہن اور دیگر اساتذہ نے تحسینی کلمات ادا کئے۔نظامت کی ذمہ داری غالب زیاد نے بحسن وخوبی انجام دیا،  دانشمندان فارسی نے پہلے سیشن میں فارسی و پشتو گانے پیش کئے اس کے بعد فارسی اور پشتو کے اشعار اور غزلیں پیش کی۔ مذکورہ بالا زبانوں میں  اسپیچ کا بھی اہتمام رہا۔
دوسرے سیشن میں علمی کوئز مسابقہ انعقاد پذیر ہوا۔ جس میں فارسی اور پشتو کے طلبا نے بھر پور حصہ لیا۔ ۱۸ مارچ کو، ایک چند لسانی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں، دہلی کی مخلتف یونیورسٹیز سے متعلقہ اساتذہ، شعراء اور اسکالرس نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ یہ مشاعرہ، پروفیسر عبد الخالق رشید کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مہمانان اعزازی میں معروف ناقد و عالم جناب خلیل الرحمان ایڈوکیٹ، پروفیسر دیوندر چوبے اور فارسی شعبہ کی استاد ڈاکٹر فتانہ نجیب اللہ شریک محفل تھے۔ نیز اپنے فارسی اور اردو کلام سے مستفیض کیا۔ اس کے علاوہ، جشن مشاعرہ میں موجود اساتذہ اور طلباء نے بھی شعر و سخن سے محفل کو گلزار بنایا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اردو ڈپارٹمنٹ سے ڈاکٹر خالد مبشر، جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے پشتو شعبہ سے ڈاکٹر انور خیری، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ فارسی سے ڈاکٹر یاسر عباس، دہلی یونیورسٹی سے ڈاکٹر زاہد ندیم احسن، جناب ساقی فاروقی، معروف نوجوان شاعر سفیر صدیقی اور مشہور ناقد جناب سید تالیف حیدر نے اپنا کلام پیش کیا۔ نظامت کی ذمہ داری جناب علی اصغر اور جناب شاہنواز عالم نے ادا کی اور آخر میں جناب غالب زیاد نے کلمات تشکر ادا کئے۔ 
۱۸ مارچ کا دوسرا سیشن، کھیل کود، کرکٹ، فٹ بال اور والی بال وغیرہ پہ مشتمل تھا۔ یہ پروگرام اپنے مقرر وقت پہ شروع ہوا۔ جس میں کمینٹری کی ذمہ داری نو روز کور کمیٹی کے ممبر غالب زیاد نے انجام دیا۔