Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 07 APRIL
پٹنہ، 07 اپریل 2023:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمارنے 1انے مارگ واقع ’نیک سنواد‘ میں رمضان المبارک کے موقع پر روزہ داروں کو دعوت افطار پر مدعو کیا۔ دعوت افطارمیں بڑی تعداد میںروزہ داروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر افطار سے قبل خانقاہ منعمیہ متن گھاٹ کے سجادہ نشیں حضرت سید شاہ شمیم الدین منعمی نے رمضان اور روزہ کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اجتماعی دعا کی ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سمیت مدعو مہمانوں نے اجتماعی دعا میں شامل ہو کر ریاست کی ترقی ، آپسی بھائی چارہ اور محبت کے لیے خدا تعالیٰ سے دعا کی ۔
وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے باری باری سے تمام مہمانوں اور روزہ داروں کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جناب تیجسوی پرساد یادو ، بہار اسمبلی کے اسپیکر جناب اودھ بہار ی چودھری ، بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین جناب دویش چندر ٹھاکر، سابق وزیر اعلیٰ جناب جیتن رام مانجھی ، جے ڈی یو کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ ، مالیات ، کمر شیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری ، عمارت تعمیرات کے وزیرجناب اشو ک چودھری ، ریونیو اور اصلاحات اراضی کے وزیر جناب آلوک کمار مہتا ، اقلیتی فلاح کے وزیر جناب زماں خان ، سائنس و ٹیکنا لوجی کے وزیر محمد اسرائیل منصوری سمیت دیگر وزرا ، جے ڈی یو کے ریاستی صدر جناب امیش کشواہا ، بہار ریاستی سنی وقف بورڈ کے چیئر مین محمد ارشاد اللہ ،بہار ریاستی شیعہ وقف بورڈ کے چیئر مین جناب افضل عباس سمیت کئی ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل ، ریاستی کے سینئر انتظامی و پولیس افسران اور بڑی تعداد میں روزہ دار موجود تھے ۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے بات کے دوران کہا کہ آپ تمام کو اس موقع پر قلبی مبارکباد دیتا ہوں ۔ہر سال اس کا انعقاد ہو تا ہے ۔آج کے اس انعقاد میں ریاست کے مختلف مقامات سے کئی لوگ آئے ہیں ۔ مجھے اس کی خوشی ہے ۔ تمام لوگوں کو مل جل کر محبت کے ساتھ رہنا ہے ۔سال 2017 میں ’نیک سنواد‘بنایا گیا اور یہیں سے اس کی شروعات کی گئی ۔ صرف دو سال کرونا کے سبب اس کا انعقاد نہیں ہوا ۔ باقی ہر سال یہ منعقد ہو تا رہا ہے۔ سب لوگوں کے لیے ہم لوگ انتظام کر تے ہیں ۔ اور آپ لوگوں کو بھی مدعو کر تے ہیں ، آپ تمام لوگ آتے ہیں بہت اچھا لگتا ہے ۔

دعوت افطار کے انعقاد پر کچھ لوگوں کو اعتراض ہو نے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کا انعقاد حکومت کی طرف سے کیا جاتا ہے ۔ اپو زیشن کے لوگ اور دیگر پارٹیوں کے لوگ بھی پارٹی کی سطح پر اس کا انعقاد کرتے ہیں ۔
کانگریس صدر جناب ملیکارجن کھڑگے سے فون پر بات کیے جانے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ آج نہیں تین روز قبل ہی بات ہوئی ہے ۔ ان سے بات ہو تی رہتی ہے ۔ اپوزیشن کے اتحاد کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابھی ہم بات کریں گے ۔