Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19 APRIL
کٹھمنڈو، 19 اپریل : نیپال کے صدر رام چندر پوڈیل کو علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے بھارت لے جایا گیا ہے۔ انہیں بدھ کی صبح نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) لے جایا گیا۔صدر پوڈیل کے پریس ایڈوائزر کرن پوکھریل نے اس کی تصدیق کی ہے۔
صدر کے پریس ایڈوائزر کرن پوکھریل نے بتایا کہ انہیں علاج کے لیے نئی دہلی لے جایا گیا ہے۔ ایک طبی ٹیم بھی صدر کے ہمراہ ہے۔ صدر پوڈیل کے علاج کے دوران پیٹ میں انفیکشن پایا گیا ہے۔ علاج میں شامل ڈاکٹر نے بتایا کہ انہیں اینٹی بائیوٹکس دی گئی ہیں۔ سینے میں پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے باہر نکالا گیا ہے لیکن طبیعت بگڑنے پر انہیں نئیدہلی لے جایا گیا۔
رام چندر پوڈیل کو سانس لینے میں دشواری کے باعث کل (منگل)کٹھمنڈو کے مہاراج گنج کے ٹیچنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ پوڈیل کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے اسپتال گئے۔ صدر کو ایک ماہ میں دوسری بار اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ پوڈیل 9 مارچ کو نیپال کے تیسرے صدر منتخب ہوئے تھے۔