آئی پی ایل پلے آف میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے شبھمن گل، کئی ریکارڈ اپنے نام کئے

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27  MAY

احمدآباد، 27مئی:آئی پی ایل 2023 میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) اور ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے درمیان کھیلے گئے دوسرے کوالیفائر میچ میں گجرات کے اوپنر شبھمن گل نے کئی ریکارڈ اپنے نام کئے۔اپنی 129 رنوںکی سنچری کے ساتھ، گل آئی پی ایل کے پلے آف میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ اس نوجوان کھلاڑی نے یہ کارنامہ 23 سال 260 دن میں انجام دیا۔ اس اننگ کے ساتھ ہی شبھمن گل پلے آف میں سنچری بنانے والے 7ویں کھلاڑی بھی بن گئے۔
60 گیندوں پر 129 رن کی اننگ کھیل کر گل اب اس سیزن کے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، اور اورنج کیپ اپنے نام کر لی ہے ۔ ان کامیابیوں کے علاوہ گل نے اپنی زبردست اننگ میں کئی اور دھماکہ خیز ریکارڈ بنائے۔
شبھمن گل نے ریکارڈز کی دھوم مچادی
7 چوکوں اور 10 چھکوں سے مزین اس سنچری اننگ میں گل نے آئی پی ایل میں ریکارڈز کی دھوم مچادی۔ آئی پی ایل پلے آف کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کے ذریعہ سب سے زیادہ رن (129) بنانے کا ریکارڈ اب گل کے نام ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویریندر سہواگ کے نام تھا جنہوں نے 2014 میں کوالیفائر 2 میں چنئی سپر کنگز کے خلاف 122 رن بنائے تھے۔
آئی پی ایل پلے آف میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے (10) لگانے کا ریکارڈ بھی گل کے پاس ہوگیا ہے ۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 4 کھلاڑیوں کے پاس تھا جن میں ریدھیمان ساہا، کرس گیل، وریندر سہواگ اور شین واٹسن شامل تھے۔ چاروں نے پلے آف میں کھیلتے ہوئے ایک اننگ میں 8 چھکے لگائے تھے۔
گِل کی 129 رنوں کی اننگ بھی آئی پی ایل میں کسی ہندوستانی بلے باز کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس فہرست میں سب سے اوپر کے ایل راہل کا نام ہے، جنہوں نے بطور ہندوستانی بلے باز سب سے زیادہ 132ناٹ آوٹ رن بنائے ہیں۔
گل نے آئی پی ایل کے سیزن میں سب سے زیادہ باونڈری لگانے والوں کی فہرست میں بھی اپنا نام درج کرایا ہے۔ وہ اس فہرست میں جوس بٹلر (128)، وراٹ کوہلی (122) اور ڈیوڈ وارنر (119) کے بعد 111 چوکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ شبھمن گل آئی پی ایل کے ایک سیزن میں 800سے زیادہ رن بنانے والے چوتھے کھلاڑی بننے۔ وہ ایک سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والے اب تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان نے نام اب تک اس سیزن میں 851رن ہیں۔ایک سیزن میں اب تک ان سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں وراٹ کوہلی (973رن) اور جوس بٹلر(863رن)ہیں۔