ایچ ایس پرنے ملیشیا ماسٹرز فائنل میں پہنچے، پی وی سندھو ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27  MAY

کوالالمپور، 27مئی: ہندوستانی شٹلر ایچ ایس پرنے اپنے حریف کرشچین اڈیناٹا کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد ہفتہ کو ملیشیا ماسٹرز کے فائنل میں پہنچ گئے ، جب کہ پی وی سندھو سیمی فائنل میں انڈونیشیا کی گریگوریہ ماریسکا ٹن جنگ سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
پرنے سیمی فائنل کے مقابلے میں اڈیناٹا سے 19-17 سے آگے چل رہے تھے، جب انڈونیشیائی کھلاڑی نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ لیا۔ اڈناٹا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنے گھٹنے کے بل گرپڑے، جس کے بعد انہیں وہیل چیئر پر کورٹ سے باہر لے جانا پڑا۔
خطابی مقابلے میں اب پرنے کا مقابلہ چینی تائپے کے لن چو ای یا چین کے وانگ ہانگ یانگ سے ہوگا۔ دوسری جانب عالمی نمبر پانچ ٹن جنگ نے 44 منٹ تک جاری رہنے والے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 13 سندھو کو 21-14، 21-17 سے شکست دی۔ سندھو نے اس سے قبل ٹن جنگ کے خلاف ہوئے اپنے ساتوں میچ جیتے تھیں، لیکن ہندوستانی کھلاڑی سے رینکنگ میں آگے نکل چکی ٹن جنگ یہاں ماضی کو پیچھے چھوڑکر کھیلتی ہوئی نظر آئیں۔ پہلے گیم میں دونوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی سندھو بریک تک 11-10 سے آگے تھیں لیکن بریک کے بعد12-12پر برابری کرنے کے بعد ٹن جنگ تیزی سے آگے نکل گئیں ۔ سندھو نے 19-13 سے بچھڑنے کے بعد ایک پوائنٹ حاصل کیا لیکن ٹن نجنگ کو پہلا گیم جیتنے سے نہیں روک سکیں۔ دوسرے گیم میں بھی سندھو اور ان کی حریف نے ایک دوسرے کو برابر پریشان کیا لیکن بریک پر ٹن جنگ 11-10 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ ٹن جنگ کے شاندار فٹ ورک کے آگے سندھو یہ برتری ختم نہیں کر سکیں اور ہار کے ساتھ ملیشیا میں ان کا سفر شکست کے ساتھ ختم ہوگیا۔