ای سی ایل میں نام شامل کرنے پر حکومت کا مشکور ہوں: عمران خان

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –26  MAY

اسلام آباد،26مئی: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا بیرونِ ملک جانے کا کوئی منصوبہ نہیں اور وہ اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام شامل کرنے پر حکومت کے مشکور ہیں۔عمران خان نے جمعے کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان سے باہر ان کی نہ تو کوئی جائیداد ہے اور نہ ہی کوئی کاروبار،یہاں تک کے ان کا بیرونِ ملک کوئی بینک اکائونٹ بھی نہیں ہے۔حال ہی میں پاکستان کے بعض ذرائع ابلاغ میں خبر آئی تھی کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت 70 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ تاہم سرکاری طور پر اس خبر کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ای سی ایل میں نام شامل کیے جانے سے متعلق خبروں پر عمران خان تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں چھٹی گزارنے کا موقع ملا تو وہ شمالی علاقہ جات جائیں گے جو دنیا میں ان کی سب سے پسندیدہ جگہ ہے۔عمران خان لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں موجود ہیں اور انہیں مختلف مقدمات میں گرفتاری کا خدشہ ہے۔چیئرمین تحریکِ انصاف کے سربراہ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق خبریں ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں جب پارٹی کے کئی رہنما عمران خان سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔حال ہی میں پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما شیریں مزاری، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر کئی رہنمائوں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔