TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -30 MAY
بنگلورو ،30مئی:ریاستی کابینہ کی تشکیل مکمل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے آئندہ درپیش پارلیمانی انتخاب میں 28 میں سے کم از کم 20 سیٹوں پر پارٹی کی جیت یقینی بنانے کا ٹارگیٹ اپنے وزراء کو دیا۔ 24 نئے وزراء کی شمولیت کے ساتھ 34 رکنی کابینہ کی تشکیل مکمل کرنے کے بعد سدارامیا نے آئندہ سال درپیش پارلیمانی انتخاب کے پس منظر میں اپنے وزاراء سے کہاکہ ہمیں اپنی پارٹی کے قومی صدر ملیکا ارجن کھرگے، سینئر قائد سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پریانکا گاندھی کے لئے تحفہ کے طور پر لوک سبھا کی کم از کم 20 سیٹوں جیت درج کرنا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے پوری ایمانداری اور عزم و استقامت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پورے خلوص کے ساتھ یہ کوشش کرنی ہوگی کہ جن گارنٹیوں کا ہم وعدہ کیا ہے وہ عوام تک پہنچ جائیں۔ ماضی کی غلطیوں کو دہرایا نہ جائے۔ آپ سبھی کو پوری طرح سرگرم اور متحرک ہونا چاہیے۔ عوام کے مسائل سنیں اور اس پر توجہ دیں۔ حزب اختلاف کی حیثیت سے ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ عوام نے بی جے پی کی بدنظمی والی حکومت کو مسترد کردیا ہے۔ ریاست کے عوام نے ہمیں ایک بے مثال اکثریت دی ہے اور اس کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی دی ہے۔ اس لئے ان کی توقعات کے مطابق عوام دوست حکومت فراہم کرنا اب ہماری ذمہ داری ہے۔سدارامیا نے وزراء کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو مسائل حل کرنے کے لئے جگہ جگہ دھکے کھانے پر مجبور نہ کریں بلکہ مسئلہ کو مقامی سطح پر حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ عوام کو اپنے مسائل حل کرنے کے لئے ودھان سودھا آنے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے۔ ہماری عوام دوست کارکردگی کے ذریعہ سے ہمیں پارلیمانی انتخابات میں بھی بے مثال جیت درج کرنی چاہیے۔ ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ کرناٹکا کے توسط سے بدنظمی والی مرکزی حکومت کو ختم کرنے کا یہ بھی بالکل صحیح موقع ہے۔ اس لئے وزراء کو اپنے حلقوں کا بار بار دورہ کرنا چاہیے۔ اور عوام کے مسائل کو تعلقہ اور ضلع سطح پر حل کرنا چاہیے۔