جیل میں ہی رہیں گے دہلی شراب معاملے میں ملزم منیش سسودیا، ضمانت عرضی خارج

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -30  MAY      

نئی دہلی ،30مئی:ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں ملزم دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی ہے۔ دراصل، ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں ملزم دہلی کے سابق ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا کی ضمانت پر منگل کو ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں منیش سسودیا کی ضمانت کی عرضی کو خارج کر دیا۔ بتا دیں کہ سسودیا نے نچلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان کی ضمانت خارج کر دی گئی تھی۔ منگل کو سماعت کے دوران سی بی آئی نے منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی۔منگل کو سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ منیش سسودیا کے خلاف الزامات سنگین ہیں۔ ضمانت پر گواہوں کے متاثر ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ضمانت کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا کہ سسودیا کے خلاف الزام بہت سنگین ہے اور ان کا رویہ بھی درست نہیں رہا ہے۔ وہ گواہوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ ان کے پاس 18 محکمے ہیں اور وہ سابق نائب وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ سنگین الزام کی وجہ سے ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے میں اب منیش سسودیا کو جیل میں ہی رہنا پڑے گا۔اس سے قبل منیش سسودیا نے اپنی بیوی کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی تھی لیکن انہیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بیوی سے بات کرنے کی اجازت دی گئی۔ بعد میں سسودیا ضمانت کے لیے ہائی کورٹ پہنچے تھے۔