TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22 MAY
پٹنہ: ۲۲؍مئی۲۰۲۳ء : عظیم شخصیات کی زندگی اور ان کے کارنامے کا مطالعہ انسان کو اچھے کاموں کو انجام دینے کا داعیہ پیدا کرتا ہے اور بری صحبتوں اور برے کاموں سے رکنے کی تحریک دلاتا ہے۔اس کے لئے ضروری ہے کہ نئی نسل کو عظیم شخصیات کی زندگی اور کارناموں سے واقف کرایا جائے۔ اسی مقصد کے تحت خدا بخش لائبریری نے یہ پروگرام وضع کیا ہے کہ جس مہینہ میں جن عظیم شخصیات کی پیدائش ہوئی، ان کی یاد تازہ کی جائے اور ان کی زندگی اور کارناموں سے واقفیت حاصل کی جائے تاکہ ان سے سبق لے کر ہمارے اندر بھی کچھ کر گزر جانے کا جذبہ پیدا ہو۔چنانچہ ماہ مئی میں پیدا ہونے والی عظیم شخصیات بالخصوص رابندر ناتھ ٹیگور (پ ۷؍مئی ۱۸۶۱)، راجہ رام موہن رائے ( پ۲۲؍مئی ۱۷۷۲)، نذر الااسلام ( پ۲۴؍ مئی ۱۸۹۹)، داغ دہلوی ( پ۲۵؍ مئی ۱۸۳۱)، میرا جی (پ ۲۵؍ مئی ۱۹۱۲)، میر تقی میر( پ ۲۸؍ مئی ۱۷۲۳) ، ونایک دامودر ساورکر (پ ۲۸؍مئی ۱۸۸۳) پر کتابوں کی نمائش لگائی اور ان کی زندگی اور کارنامے پر مبنی فلم شو کیا گیا۔ یہ وہ شخصیات ہیں جنھوں نے اپنے کارناموں سے زندگی کے مختلف شعبوں کو گل و گلزار بنایا اور ایسے نقش ثبت کئے جن سے رہنمائی حاصل کرسماج اور معاشرہ کو خوشگوار ماحول عطا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر شائستہ بیدار، ڈائرکٹر خدا بخش لائبریری نے فرمایا کہ جن عظیم شخصیتوں پر آج کتابوں کی نمائش لگائی ہے اور فلم شو کیا گیا ہے وہ ہندستانی تاریخ کے عظیم سپوت ہیں۔ رابندر ناتھ ٹیگور ان معماروں میں ہیں جن کی گیتانجلی نے ہندستانی زبان و ادب کو وقار بخشا اور جنھوں نے ہمیشہ امن و محبت کا پیغام دیا۔راجہ رام موہن رائے نے اپنی کتاب تحفۃ الموحدین کے ذریعہ وحدانیت کا پیغام سماج کو دیا اور سماج میں رائج توہم پرستی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں اہم رول ادا کیا۔ باغی اور انقلابی شاعر کے طور پر مشہور قاضی نذرالاسلام نے اپنی کتاب’ ودروہ کوی ‘اور’ بھانگر دان‘ کے توسط سے برصغیر کے عوام میں ایک نئی روح پھونکی۔اوربھولے ہوئے ماضی کی یاد دلاتے ہوئے تابناک مستقبل کی راہ دکھائی۔داغ دہلوی اردو کے ممتاز شاعر ہیں جن کی شاعری میں تازگی ہی تازگی ہے۔ داغ اردو شاعری میں ایک اعلی مقام رکھتے ہیں۔ انھوں نے اپنی شاعری سے اردو زبان و ادب کو ثروت مند بنایا ہے۔ میرا جی کو اردو ادب میں باغی شاعر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔’کلیات میرا جی ‘ان کے اشعار کا مجموعہ ہے۔انھوں نے اپنی شاعری سے منجمدفکر میں لہرپیدا کی۔ اردو کے عظیم غزل گو شعرا میں میر تقی میر کا شمار ہوتا ہے۔ان کے فکر و فن کی نمائندگی کلیات میر میں بھرپور موجود ہے۔ اردو شاعری کو درد و اثر اور سوز و گداز سے آشنا کرانے میں میر تقی میر کا بڑا رول ہے۔ ونایک دامودر ساورکر کی مشہور کتاب Bunch of Thoughtsہے۔ انھوں نے اپنے نظریات کو واضح طور پر اس کتاب میں پیش کیا ہے۔ ابھی ہم نے جن عظیم شخصیات کا ذکر کیا، وہ اکابر ہیں جنھوں نے مختلف میدانوں میں ایک نئی راہ دکھائی۔ ان عظیم شخصیات سے واقف ہونے کے لئے ہمیں ان کتابوں کا مطالعہ کرنا ہوگا جو آج کی نمائش میں لگائی گئی۔