TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20 MAY
جموں، 20 مئی:سری نگر میں منعقدہ ہونے والی جی 20 سربراہی اجلاس میں دودھ سے تیار کی گئی پنیر کی ایک خاص قسم کلہری کو ڈوگرہ پکوان کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ چنینی ، ادھم پور، پتنی ٹاپ میں کلہری ہر دکان پر دستیاب ہوتی ہے۔جو پنیر کی طرح ہوتی ہے۔ لیکن ہلکی کھٹی اور نمکین ہوتی ہے۔اس کو ریاست اور ملک کے دوسرے حصوں سے آئے ہوئے لوگ خریدتے ہیں۔ 21 اور 22 مئی کو سری نگر میں ہونے والے تاریخی جی 20 سربراہی اجلاس میں کلہری کو پیش کیا جائے گا تاکہ اس پکوان کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔ادھم پور ضلع میں خواتین کئی دہائیوں سے کلہری بنا رہی ہیں۔وہ روزی کمانے کے لیے اسے بازار میں بیچ دیتے ہیں، لیکن کلہری کو قومی یا بین الاقوامی شہرت نہیں ملی ہے۔ جموں و کشمیر رورل لائیولی ہڈ مشن نے کلہری کو فروغ دینے کے لئے خواتین کو موقع فراہم کیا۔ مشن کے تحت ادھم پور ضلع کے کئی گاؤں میں خواتین منظم طریقے سے کلہری کی پیداوار سے زیادہ پیسے کما رہی ہیں۔،امید، کے زیر اہتمام ضلع ادھم پور کے دھیران گاؤں میں سیلف ہیلپ گروپ کے تحت خواتین گھر پر بڑی مقدار میں کلہری تیار کرتی ہیں اور انہیں اپنی پیداوار کی اچھی قیمت مل رہی ہے۔ اسی سیلف ہیلپ گروپ کی رکن اور کلہری بنانے والی سونیا راجپوت نے کہا کہ وہ سب بہت پرجوش ہیں کہ ان کی کلہری اب تیزی سے بین الاقوامی شہرت حاصل کر رہی ہے۔سونیا نے کہا کہ ہم جی 20 اجلاس کے لیے کلہری کی تیاری کر رہے ہیں۔اْنہوں نے اجلاس کے دوران کلہری کو ڈوگرہ پکوان کے طور پر پیش کرنے کے لئے یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔