TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19 MAY
نئی دہلی، 19 مئی: موجودہ چیمپئن اور رولینڈ گیروس کے 14 بار کے فاتح رافیل نڈال آئندہ فرنچ اوپن سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ اپنی انتھک کوششوں کے باوجود، نڈال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے دوران لگی کولہے کی چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔ نڈال نے آسٹریلیا میں لگی چوٹ کی پیش رفت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2024 ان کے کیریئر کا آخری سال ہو سکتا ہے۔نڈال نے اسپین کے شہر ماناکور میں اپنی رافا نڈال اکیڈمی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اگلے سال کے لیے 100 فیصد تیار رہوں گا، جو میرے خیال میں میرے پیشہ ورانہ کیریئر کا آخری سال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی واپسی کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کروں گا۔ میں دیکھوں گا کہ میرا جسم کیسا رد عمل ظاہر کرتا ہے اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو میں سال کے آخر تک ڈیوس کپ کے لیے واپسی کر سکتا ہوں۔انہوں نے کہا، ’’اگر میں اس وقت کھیلنا جاری رکھتا ہوں تو مجھے نہیں لگتا کہ میں اگلے سال وہاں پہنچ سکتا ہوں… میں آسٹریلیا میں اس طرح کی چوٹ سے ٹھیک نہیں ہوا جس طرح میں چاہتا تھا۔ اس وقت، میں رولینڈ گیروس میں نہیں جا سکوں گا۔ یہ ٹورنامنٹ میرے لیے خاص ہے، آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ کتنا مشکل ہے۔‘‘