موسم کا حال: بارش کے بعد دہلی-این سی آر میں اگلے 5 دن تک گرمی سے راحت

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –26  MAY

نئی دہلی،26مئی:کئی دنوں کی تیز دھوپ اور گرمی کی لہر کے بعد دہلی کے لوگوں کو کچھ راحت ملی ہے۔ 25 مئی جمعرات کو قومی راجدھانی میں شدید بارش، دھول کے طوفان اور تیز ہواؤں کا عالم رہا۔ دہلی-این سی آر کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسم بدل گیا۔ رات کے وقت بھی موسم دوسرے دنوں کی نسبت سرد تھا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی-این سی آر میں 31 مئی تک گرمی سے راحت رہے گی۔ آئی ایم ڈی نے مزید کہا ہے کہ راجدھانی میں اگلے دو سے تین دنوں تک اسی طرح کے حالات متوقع ہیں اور 30 مئی تک گرمی کی لہر کا امکان نہیں ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق مغربی ہمالیہ کے علاقے پر ایک فعال مغربی ڈسٹربنس کے زیر اثر اگلے دو سے تین دنوں میں قومی راجدھانی اور اس کے ملحقہ علاقوں سمیت شمال مغربی ہندوستان میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔پیر اور منگل کو دہلی کے کئی حصوں میں گرمی کی لہر چلنے کے سبب کئی موسمی مراکز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق صفدرجنگ میں کل ہوا 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اور پالم آبزرویٹری میں 58 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ اس کے بعد اب مئی کے آخری ایام راحت سے بھرپور ہونے والے ہیں۔خیال رہے کہ شمالی ہندوستان کی دیگر ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے۔ جمعرات کی سہ پہر دونوں ریاستوں کی مشترکہ راجدھانی چنڈی گڑھ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دھول بھرا طوفان آیا۔ اس کے علاوہ راجستھان کے ضلع ٹونک میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔ تقریباً 45 منٹ تک آسمانی بجلی کے ساتھ بارش ہوتی رہی۔ اس دوران ضلع کے کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہو گئی۔ ضلع میں کئی درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔