میں جسپریت بمراہ کا متبادل نہیں ہوں، اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہا ہوں:آکاش مدھوال

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25  MAY

چنئی ،25مئی:آئی پی ایل 2023 سے پہلے جسپریت بمراہ، جوفرا آرچر اور جھائی رچرڈسن جیسے تیز گیند بازوں کو ممبئی انڈینز کے پیس اٹیک کا اہم مرکز سمجھا جارہا تھا لیکن ان سبھی کو چوٹ کے مسائل کی وجہ سے باہر ہو نا پڑا۔ ایسے میں نوجوان تیز گیند باز آکاش مدھوال ممبئی کے لیے آگے آئے اور انہوں نے ملنے والے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک الگ پہچان بنائی۔ مدھوال نے پورے سیزن میں ملنے والے مواقع پر اچھی گیند بازی کی لیکن ان کی بہترین کارکردگی بدھ کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں سامنے آئی، جہاں انہوں نے گیند سے قہر برپا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی 81 رن کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
تجربہ کار گیند بازوں کے متبادل کے طور پر مدھوال نے موازنہ کو توجہ نہیں دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ کر سکتے ہیں، وہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور موقع کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایلیمینیٹر میچ میں مدھوال نے 3.3 اوور میں 5 رن دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور پلے آف میں بہترین اعداد و شمار ریکارڈ کرنے والے گیند باز بن گئے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف جیت کے بعد پریس کانفرنس میں آئے آکاش مدھوال نے کہا کہ میں ٹیم کی طرف سے دی گئی ذمہ داریوں کو نبھانے کی پوری کوشش کر رہا ہوں۔ میں بمراہ کا متبادل نہیں ہوں لیکن میں اپنی طرف سے بھرپور کوشش کر رہا ہوں ، جو بھی مواقع آپ کے سامنے آئیں، آپ ان کو پکڑنا چاہییاور ان کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔
آئی پی ایل 2023 کے چیپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایلیمینیٹر میچ میں ممبئی انڈینز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو 81 رنوں سے زبردست شکست دی تھی۔ ممبئی انڈینز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رن بنائے۔ جواب میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم 16.3 اوور میں محض 101 رنوںپر ڈھیر ہوگئی۔