ٹی۔20 کرکٹ میں 11 ہزار رن بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے روہت شرما

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22  MAY

نئی دہلی، 22 مئی: ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما اتوار کو وراٹ کوہلی (11864 رن) کے بعد ٹی۔20 کرکٹ میں 11000 رن بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اتوار کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انجام دیا۔
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں روہت کو 11000 رن تک پہنچنے کے لیے صرف 40 رن درکار تھے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اننگ کے 10ویں اوور میں عمران ملک کے اوور میں انجام دیا۔ روہت نے میچ میں 37 گیندوں میں 56 رن بنائے۔
اسی اوور میں انہوں نے ممبئی کے لیے 5000 رنوں کا ہندسہ بھی عبور کیا۔ وہ ایسا کرنے والے ممبئی کے واحد بلے باز ہیں۔
کوہلی کے علاوہ، وہ کرس گیل (ویسٹ انڈیز)، شعیب ملک (پاک)، کیرون پولارڈ (ویسٹ انڈیز)، ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا) اور ایرون فنچ (آسٹریلیا) کے بعد مجموعی طور پر ساتویں بلے باز ہیں جنہوں نے ٹی۔ 20 میں 11000 رنوں کا ہندسہ عبور کیاہے ۔ گیل کے پاس سب سے زیادہ 14562 ٹی ۔20رن ہیں۔
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں حیدرآباد نے ویورانت شرما (69) اور مینک اگروال (83) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 20 اوور میں 5 وکٹ پر 200 رن بنائے۔
جواب میں ممبئی نے کیمرون گرین (100) کی ناٹ آوٹ سنچری اور روہت شرما (56) کی نصف سنچری کی بدولت دو اوور باقی رہتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 201 رن بنا کر 8 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔