پہلوانوں کے تمام مطالبات پورے کئے گئے، ان سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل: انوراگ ٹھاکر

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -5 MAY

لکھنؤ، 05 مئی: مرکزی وزیر برائے کھیل کو د اور امور نونوانان انوراگ ٹھاکر نے پہلوانوں سے دہلی کے جنتر منتر پر جاری دھرنے کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔کھیلو انڈیا سے متعلق پروگرام میں شرکت کے بعد جمعہ کو لکھنؤ میں صحافیوں کے سوال پر کہا کہ اطلاعات و نشریات اور کھیل کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ہم پہلوانوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرچکے ہیں۔ دہلی پولیس منصفانہ تحقیقات کر رہی ہے۔ قصورواروں کے خلاف کارروائی کرے گی ۔ اس لیے پہلوانوں کو دھرنا ختم کرنا چاہیے۔مرکزی وزیر کھیل نے کہا کہ دہلی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ اب توسپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آ گیا ہے۔ اس سارے معاملے میں قانون اپنا کام کر رہا ہے۔ اس لیے پہلوانوں کو جنتر منتر پر احتجاج بند کر دینا چاہیے۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مودی حکومت نے ہمیشہ کھیلوں اور کھلاڑیوں کو ترجیح دی ہے۔ ہندوستان تمام کھیلوں میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ہم نے بیڈمنٹن سے لے کر دیگر کھیلوں میں پرفارم کیا ہے۔ کھیلوں کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کھیل بجٹ 964 کروڑ سے بڑھا کر 3393 کروڑ کردیا گیا ہے۔ 11 کھلاڑی کے اوپر ڈھائی سے تین کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔
مرکزی وزیر کھیل نے کہا کہ جہاں تک کھلاڑیوں کے مطالبات کا تعلق ہے تو میں یہی کہوں گا کہ ان کا مطالبہ منصفانہ انتخابات سے متعلق تھا، اس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ تھا۔ اس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ تھا۔ دہلی پولیس وہ بھی کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ میری درخواست ہے کہ جو بھی کھلاڑی وہاں دھرنا دے رہے ہیں، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ،ہو جائے گا۔ جو بھی قصوروار ہوگا، دہلی پولیس اس کے خلاف منصفانہ کارروائی کرے گی۔
کھیلو انڈیا پروگرام میں شامل ہونے لکھنؤ آئے انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ یہاں 5000 سے زیادہ کھلاڑی ہیں۔ مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ شاندار تقریب 25 مئی سے 23 جون تک جاری رہے گی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ جس طرح ماضی میں کئی ریکارڈ ٹوٹے ہیں، اسی طرح اتر پردیش کی سرزمین پر بھی کئی ریکارڈ ٹوٹیں گے۔ ہمیں بہت سے ابھرتے ہوئے کھلاڑی ملیں گے۔ ہم تلاش کریں گے اور تراش بھی کریں گے۔ ہندوستان کھیلوں کے میدان میں مسلسل آگے بڑھے گا۔