پیچھے نہیں ہٹیں گے ، سینے پر گولی کھائیں گے: بجرنگ پونیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –29  MAY

نئی دہلی ، 28 مئی: دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں میں شامل بجرنگ پونیا نے ایک سابق آئی پی ایس کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور جذباتی باتیں لکھیں اور کہا کہ ہمیں گولی مارنے کی بات ہو رہی ہے۔ قسم ہے پیٹھ نہیں دکھائیں گے، سینے پر کھائیں گے تیری گولی۔دراصل جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں کو مرکز میں رکھتے ہوئے سابق آئی پی ایس افسر ڈاکٹر این سی استھانہ نے ٹویٹ کرکے انہیں گولی مارنے کی بات کہی، پھر ان کا ٹویٹ وائرل ہوگیا۔ تیزی سے ردعمل آنا شروع ہو گئے۔ اس سلسلے میں پہلوان بجرنگ پونیا نے بھی ٹویٹ کیاہے۔مذکورہ ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بجرنگ پونیا نے کہا کہ ایک آئی پی ایس افسر ہمیں گولی مارنے کی بات کر رہا ہے۔ بھائی سامنے کھڑے ہیں ، بتاؤ کہاں گولی مارنی ہے ؟ قسم کھاتا ہوں کہ پیٹھ نہیں دکھاؤں گا ، تیری گولی سینے پر کھاؤں گا۔ یہی رہ گیا ہے اب ہمارے ساتھ کرنا تو یہ بھی سہی۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو جب انہیں پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روکا گیا تو پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا تھا کہ ہمیں گولی مارو۔ اس کے جواب میں سابق آئی پی ایس کے ٹویٹر ہینڈل پر پہلوانوں کو گولی مارنے کا کہا گیا اور پوسٹ مارٹم کی میز پر دوبارہ ملنے کو کہا گیا۔ اس کے بعد تنازعہ شروع ہوگیا۔فی الحال زیر حراست پہلوان ونیش پھوگاٹ ، سنگیتا پھوگاٹ ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساکشی ملک نے کہا ہے کہ پولیس کی گرفت سے نکلنے کے بعد وہ دوبارہ جنتر منتر پر دھرنا دیں گی اور انصاف کے مطالبے کو تیز کریں گی۔