ایل جی منوج سنہا نے پانچ ویں یو ٹی سطح کی میٹنگ کی صدارت کی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –5 JUNE

سری نگر، 5 جون:، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نارکو کوآرڈینیشن سنٹر (این سی او آر ڈی) کی پانچ ویں یو ٹی سطح کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ، پولیس کے سینئر افسران، جموں و کشمیر انتظامیہ اور متعلقہ یو ٹی اور مرکزی ایجنسیوں نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے چوتھی این سی او آر ڈی میٹنگ کے دوران منظور کی گئی ہدایات پر کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا اور منشیات کے استعمال کی لعنت سے نمٹنے کے لیے یو ٹی اور ضلع سطح کے اقدامات کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے خصوصی ڈی جی (کرائم) اے کے چوہدری کی سربراہی میں ٹاسک فورس کے تیار کردہ ایکشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام سیکورٹی اور منشیات کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کا ایکشن پلان یو ٹی انتظامیہ کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو نمایاں کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی، آئی ای سی کی سرگرمیوں میں اضافہ، کمیونٹیز کی شمولیت اور پولیس افسران اور منشیات نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔محکمہ اعلیٰ تعلیم اور اسکولی تعلیم اور متعلقہ افسران کو بیداری مہم کو تیز کرنے اور نشا مکت پنچائت ابھیان کو ایک عوامی تحریک بنانے کی ہدایت دی گئی۔ این سی او ڈی پورٹل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے اور این سی او ڈی میٹنگ کی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے ضلعی افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ میٹنگ کے دوران سپیشل ڈی جی (کرائم) اے کے چوہدری نے ایل جی کو ایجنڈے کے نکات اور منشیات کی لعنت سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔