حکومت سب کے ساتھ نہیں، برج بھوشن کے ساتھ ہے، کپل سبل نے وزیراعظم کی خاموشی پر اٹھائے سوال

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –3   JUNE

نئی دہلی ،3جون : ملک کے نامور پہلوان کشتی فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کا استعفی اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے برج بھوشن شرن سنگھ معاملے میں مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ سبل نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی پہلوانوں کی طرف سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات پر خاموش ہیں، لیکن برج بھوشن شرن سنگھ پر لگے الزامات اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کافی ہیں۔سپریم کورٹ میں پہلوانوں کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل سبل نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’معاملے کی تحقیقات کرنے والوں کے لیے یہ پیغام کافی ہے‘‘۔ برج بھوشن سنگھ کے خلاف ثبوت مسلسل بڑھ رہے ہیں، ان کے خلاف لوگوں کا غصہ بھی بڑھ رہا ہے، لیکن اس کے بعد بھی انہیں گرفتار نہیں کیا گیا، پی ایم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی اور آر ایس ایس خاموش ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کپل سبل نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سب کے ساتھ نہیں بلکہ برج بھوشن کے ساتھ ہے۔واضح رہے نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق 28 اپریل کو برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔ دونوں ایف آئی آر میں آئی پی سی کی دفعہ 354 (خاتون کی عزت کو نقصان پہنچانے کی غرض سے اس پر طاقت کا استعمال کرنا)، 354A (جنسی طور پر ہراساں کرنا)، 354D (پیچھا کرنا) اور 34 (عام ارادہ) کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ان الزامات میں ایک سے تین سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔پہلی ایف آئی آر میں چھ بالغ پہلوانوں کے خلاف الزامات شامل ہیں۔ اس میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سکریٹری ونود تومر کا نام بھی ہے۔ دوسری ایف آئی آر نابالغ کے والد کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ یہ پوکسو ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت ہے، جس میں پانچ سے سات سال کی سزا کا انتظام ہے۔