TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –5 JUNE
نئی دہلی: مرکزی تعلیمی بورڈ،نئی دہلی کی جانب سے درسی کتاب’آسان ریاضی‘ اول تا چہارم پر نظر ثانی کے لئے دو روزہورکشاپ ڈاکٹر محمد معمور علی،اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔اس موقع پر سامعین کو خطاب کرتے ہوئے پروفیسر معمور علی نے درسی کتابوں کاتجزیہ پیش کیا۔نیز اپنا ’پی پی ٹی‘ بھی کیا۔انہوں نے ’آسان ریاضی‘اول تا چہارم پر نظر ثانی کرتے ہوئے تفصیلات بیان کی۔ورکشاپ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا انعام اللہ فلاحی کوارڈینٹر درسیات مرکزی تعلیمی بورڈ نے مر کزی مکتبہ اسلامی کی درسیات کی خصوصیات بیان کی اور آئندہ تیار ہونے والی کتابوں میں آموزشی ماحصل اور اساتذہ کے لیے تدریسی اشارے اور اقدار کی شمولیت پر زور دیا“۔اس ورکشاپ میں ریاضی اول تا چہارم پر نظر ثانی کی گئی اور ماہرین نے ان پر اپنے مفید مشورے دیے اور کہا کہ ان کتابوں میں اصلاحات کی اور بعض اسباق کو ازسرنو لکھنے کی ضرورت ہے۔ لہٰذا ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دے کر ان کتابوں کو ان کے درمیان تقسیم کردی جائے۔چنانچہ مشورے پر عمل کرتے ہوئے سردست کچھ ماہرین کو یہ کتابیں تقسیم بھی کی گئی ہیں تاکہ وہ ان پر جلد از جلد کام شروع کردیں۔ جب ٹیم کی از سر نو تشکیل ہوجائے گی توپھر ایک نشست مرکزی تعلیمی بورڈ کے دفتر میں منعقد کی جائے گی اور تمام ماہرین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گااور ان کے مشورے سے استفادہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مرکزی تعلیمی بورڈ،نئی دہلی اردو،انگریزی،عربی اور ہندی زبان میں نصابی و غیر نصابی کتب تیار کرتا ہے۔اس کی تیار کردہ کتابیں ملک کے مختلف ملی اداروں کے نصاب میں داخل ہیں۔اس ورکشاپ میں ڈاکٹر انجم علی،انگلو عربک سکنڈری اسکول، سید جاوید علی،ایس،وی،بی،پٹودی ہاؤس، دریا گنج، محترمہ شیبا خانم،ملی ماڈل اسکول، محترمہ شاہدہ پروین،ملی ماڈل اسکول،دہلی اور مرشد علی صاحب،شاہین باغ،دہلی نے شرکت کی۔ورکشاپ کی نظامت کے فرائض مولانا محمد شفیق عالم ندوی نے انجام دیے اور مولانا انعام اللہ فلاحی کے شکریہ اور دعا پر ورکشاپ اختتام پذیر ہوا۔