ورلڈ کپ سے پہلے بڑا اُلٹ پھیر، آئر لینڈ کو عمان نے دی شکست

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20 JUNE

نئی د ہلی، 20جون: ہندوستان میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا جوش و خروش شروع ہو گیا ہے۔ ٹیمیں ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کے لئے کوالیفائر میچز کھیل رہی ہیں۔ چوتھے میچ میں ہی بڑا الٹ پھیڑ دیکھنے کو ملا۔ عمان نے پاکستان اور انگلینڈ جیسی طاقتور ٹیموں کو شکست دینے والی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف 5 وکٹوں سے بڑی جیت درج کر کے سنسنی پھیلا دی ہے۔آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائر میچز زمبابوے میں کھیلے جا رہے ہیں۔ کوالیفائرز کے چوتھے میچ میں بڑا اپ سیٹ ہوگیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم کو عمان کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 281 رنز بنائے تھے۔ عمان کی ٹیم نے 48.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر اس کو حاصل کر لیا۔عمان کے خلاف آئرلینڈ کی ٹیم کی بلے بازی اچھی نہیں رہی اور ٹیم کسی طرح 281 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ٹیم کے اسٹار جارج ڈوکریل نے ناٹ آوٹ 91 رنز جبکہ ہیری ٹیکٹر نے 52 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بلے باز بھی زیادہ کچھ نہیں کر سکا۔ عمان کی جانب سے بلال خان اور فیاد بٹ نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں عمان کا آغاز اچھا نہیں ہو سکا تھا، لیکن کشیپ پرجاپتی نے عاقب الیاس کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے نصف سنچری اننگز بناکر ٹیم کو دوبارہ پٹری پر واپس لادیا۔ پرجاپتی نے 72 اور الیاس نے 52 رنز بنائے۔چوتھے نمبر پر بلے بازی کیلئے آئے کپتان ذیشان مسعود نے 59 رنز بنائے اور میچ کو تقریباً آئرلینڈ کی پہنچ سے دور کر دیا۔ محمد ندیم نے 46 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو یہ یادگار جیت دلادی۔