پابندی کے باوجود نہر روڈ پر اب چلنے لگیں بھاری گاڑیاں، خطرہ لاحق

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –1  JUNE

دھمتری، یکم جون: مہاندی مین نہر رودری بیراج سے لیکر موضع چھاتی تک بنائے گئے نہر روڈ متبادل راستے کا استعمال ان دنوں بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے ہورہا ہے۔ اس کی وجہ سے سڑک کے جلد خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث ہلکی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بنائے گئے متبادل راستے پر بھاری گاڑیوں کے چلنے سے خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ باشعور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متبادل راستے سے بے خوف دوڑنے والی بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جائے تاکہ لوگ آسانی سے آ جاسکیں۔
قابل ذکر ہے کہ چھ کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس مہا ندی (نڑی ندی) نہر کے راستے سے بھاری گاڑیوں کے چلنے کی وجہ سے جگہ جگہ گٹی اور مورم اکھڑ کر پھیلنے لگے ہیں۔ لوگوں نے مین نہر رودری بیراج سے موضع چھاتی تک بنائے گئے نہری راستے پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس نہر کے راستے سے کئی مقامات پر گٹی اور مورم پھیلنا شروع ہو گئے ہیں۔ لوگوں نے اس کی جلد از جلد مرمت اور بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پردھان منتری سڑک وکاس یوجنا کے تحت مین نہر کے کنارے نہری راستے کی تعمیر کا کام گزشتہ سال جنوری 2018 میں شروع ہوا تھا۔ ندی رودری بیراج سے موضع چھاتی تک تقریباً 13 کلومیٹر طویل سڑک کو متبادل راستے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
اس معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے دھمتری کے ایڈیشنل کلکٹر چندرکانت کوشک نے کہا کہ پردھان منتری سڑک وکاس یوجنا کے تحت بنی مین نہر کے کنارے نہر کے راستے پر بھاری گاڑیوں کے چلنے پر پابندی ہے۔ اس بارے میں معلومات لے کر مناسب کارروائی کریں گے۔